بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں بے روک دکھائی جائے ’پدماوت‘: سپریم کورٹ

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت ‘پر بی جے پی حکومت والی چارریاستوں میں عائد پابندی کے خلاف سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، سپریم کورٹ نے ان ریاستوں کی طرف سے عائد کی گئی پابندی کو غیر آئینی قراردیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فلم ’پدماوت‘ کے تخلیق کاروں نے بی جے پی والی 4ریاستوں کی جانب سے عائد پابندی کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ۔ چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی والی بنچ میں اس کی سماعت ہوئی۔ سینئر وکیل ہریش سالوے فلم کے تخلیق کاروں کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے مؤثر طریقہ سے اپنا موقف پیش کیا۔

ہریش سالوے نےعدالت میں اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا سینسر بورڈ نے پورے ملک میں فلم کو نمائش کے لئے سرٹیفکیٹ دیا ہے اس لئے ان ریاستوں کی طرف سے عائد کی گئی پابندی غیر قانونی ہے۔

سپریم کورٹ کی بنچ نے کہا ’’ریاستوں میں نظم و نسق کی صورت حال بنائے رکھنے کی ذمہ داری ریاستوں کی ہے۔آئین کی دفعہ 21 کے تحت لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی ہے۔‘‘ بنچ نے اسے زندہ رہنے کا حق بھی قرار دیا۔ حالانکہ اٹارنی جنرل نے ان ریاستوں کا موقف رکھنے کے لئے سوموار تک کا وقت مانگا تھا لیکن عدالت عظمیٰ نے اس سے پہلے ہی اپنا فیصلہ سنا دیا۔

ہریش سالوے نے معاملہ کی سماعت سے پہلے کہا تھا کہ ریاستوں کا فلم پر پابندی لگانا سنیمیٹو گرافی ایکٹ کے تحت مرکزی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ ریاستوں کو ایسا کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و نسق کی آڑ میں سیاسی نفع ونقصان کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

’پدماوت ‘کے تخلیق کار ملک بھر کے سنیما گھروں میں 24 جنوری کو اس کی پیڈ نمائش رکھیں گے ۔ ’پدماوت ‘کے ڈسٹری بیوٹرز 24 جنوری کی رات 9.30 بجے اسکرین ہونے والے شوز کی ادائیگی کرکے اس کی جگہ’ پدمات ‘کو اسکرین کریں گے۔ فلم ایکسپرٹ کی رائے میں ایسا کرنے سے ’پدماوت ‘کے تخلیق کار وں کو لے کر چل رہی افواہوں کو غلط ثابت کرنے کا موقع مل جائے گا۔ ساتھ ہی فلم دیکھنے کے بعد لوگوں کا مثبت پیغام فلم کے لئے فائدہ مند رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jan 2018, 1:26 PM