سمیتا پاٹل: متوازی سنیما کی مضبوط اداکارہ، کمرشل فلموں میں بھی کامیاب سفر
سمیتا پاٹل نے متوازی سنیما کو نئی شناخت دی اور کمرشل فلموں میں بھی اپنی جگہ بنائی۔ سنجیدہ اداکاری، مضبوط نسوانی کردار اور سماجی شعور نے انہیں سنیما کی یادگار شخصیت بنایا

ہندوستانی سنیما میں جب متوازی فلموں کی بات ہوتی ہے تو سمیتا پاٹل کا نام غیر معمولی وقار کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ اپنی سنجیدہ اداکاری، گہرے کرداروں اور مضبوط نسوانی اظہار کے ذریعے انہوں نے نہ صرف آرٹ سنیما کو نئی جہت دی بلکہ کمرشل فلموں میں بھی اپنی الگ شناخت قائم کی۔
سمیتا پاٹل کی پیدائش 17 اکتوبر 1955 کو پونے میں ہوئی۔ انہوں نے مہاراشٹر میں تعلیم حاصل کی۔ ان کے والد شیواجی راؤ پاٹل مہاراشٹر حکومت میں وزیر تھے، جبکہ والدہ سماجی سرگرمیوں سے وابستہ تھیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد سمیتا نے مراٹھی ٹیلی ویژن میں بطور نیوز ریڈر کام شروع کیا، جہاں ان کی آواز، لہجے اور اعتماد نے جلد توجہ حاصل کی۔
اسی دوران ان کی ملاقات معروف فلم ساز شیام بینگل سے ہوئی، جو اس وقت اپنی فلم ’چرن داس چور‘ کی تیاری کر رہے تھے۔ شیام بینگل نے سمیتا پاٹل میں ایک فطری اداکارہ کی جھلک دیکھی اور انہیں اس فلم میں ایک مختصر کردار دیا۔ اگرچہ یہ کردار محدود تھا، مگر یہی ان کے فلمی سفر کا نقطۂ آغاز ثابت ہوا۔
فلم ’منتھن‘ اور ’بھومیکا‘ میں سمیتا پاٹل کی اداکاری نے ناقدین اور ناظرین دونوں کو متاثر کیا۔ ’بھومیکا‘ میں ان کی اداکاری نے انہیں پہچان دلائی اور یہی وہ فلم تھی جس سے ان کا سفر مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھا۔ بعد ازاں ’نشانت‘، ’آکروش‘، ’چکر‘، ’گدھ‘، ’البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے‘ اور ’مرچ مسالہ‘ جیسی فلموں میں ان کے کردار آج بھی متوازی سنیما کی مثال سمجھے جاتے ہیں۔