شریا گھوشال کا 'ایکس' اکاؤنٹ ہیک، مداحوں کو انتباہ
شریا گھوشال کا 'ایکس' اکاؤنٹ 13 فروری سے ہیک ہے، مداحوں کو جعلی پیغامات اور لنکس سے خبردار کیا۔ وہ وزیر اعظم مودی کی موٹاپے مخالف مہم کی حمایت پر بھی خبروں میں رہیں

شریا گھوشال / آئی اے این ایس
مشہور گلوکارہ شریا گھوشال نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا 'ایکس' اکاؤنٹ 13 فروری سے ہیک ہو گیا ہے۔ انہوں نے مداحوں کو متنبہ کیا ہے کہ اس اکاؤنٹ سے کی گئی کسی بھی پوسٹ، پیغام یا لنک پر توجہ نہ دیں کیونکہ یہ سب جعلی اور دھوکہ دہی پر مبنی ہو سکتے ہیں۔
شریا نے ہفتے کے روز انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ متعدد کوششوں کے باوجود اپنا اکاؤنٹ واپس حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’’تمام مداحوں اور دوستوں کو سلام۔ میرا 'ایکس' اکاؤنٹ 13 فروری سے ہیک ہو گیا ہے۔ میں نے 'ایکس' ٹیم سے رابطہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر صرف خودکار جوابات ہی موصول ہوئے اور کوئی مدد نہیں ملی۔ اب میں نہ تو اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کر سکتی ہوں اور نہ ہی اسے حذف کر سکتی ہوں۔ براہ کرم اس اکاؤنٹ سے آنے والے کسی بھی لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی کسی پیغام پر یقین کریں۔ اگر میرا اکاؤنٹ بحال ہو گیا تو میں خود ویڈیو کے ذریعے اطلاع دوں گی۔"
حال ہی میں شریا گھوشال وزیر اعظم نریندر مودی کی موٹاپے کے خلاف مہم کی حمایت کے سبب خبروں میں رہی ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کہا گیا، "ہمارے معزز وزیر اعظم نریندر مودی نے 'اینٹی-اوبیسٹی' (موٹاپا مخالف) مہم شروع کی ہے، جو انتہائی ضروری ہے۔ ہمارا ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہا ہے، اس لیے ہمیں اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔"
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صحت مند خوراک اپنائیں، تیل اور چینی کا استعمال کم کریں، غذائیت سے بھرپور اور موسمی خوراک کھائیں، اور بچوں کو بھی متوازن غذا فراہم کریں۔ شریا نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "مجھے 'اینٹی اوبیسٹی فائیٹ اوبیسٹی' مہم کا حصہ بننے پر فخر ہے، جو ہمارے معزز وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں متوازن طرزِ زندگی کو فروغ دے رہی ہے۔ آئیے، ایک صحت مند ہندوستان کی طرف قدم بڑھائیں، کیونکہ یہی ہماری آئندہ نسلوں کے لیے سب سے بڑی وراثت ہوگی۔"
واضح رہے کہ 24 فروری کو وزیر اعظم مودی نے فلمی صنعت سے وابستہ افراد جیسے موہن لال، آر مادھون، نرہوا اور شریا گھوشال کو اس مہم میں شامل ہونے کے لیے نامزد کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔