شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ کا سبھی کو بے صبری سے انتظار، آئی ایم ڈی بی کی ٹاپ-10 لسٹ میں بنی نمبر وَن

رواں سال ریلیز ہونے والی فلموں کی آئی ایم ڈی بی نے ایک فہرست تیار کی ہے جس میں بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کون سی ایسی 10 فلمیں ہیں جن کا فلم ناظرین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>شاہ رخ خان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

شاہ رخ خان، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

عید قریب ہے اور گرمی کی چھٹیاں بھی کچھ دنوں میں شروع ہونے والی ہیں۔ ایسے میں کئی بڑے اداکاروں کی دیرینہ فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ رواں سال ریلیز ہونے والی فلموں کی آئی ایم ڈی بی نے ایک فہرست تیار کی ہے جس میں بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کون سی ایسی 10 فلمیں ہیں جن کا فلم ناظرین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اس فہرست کو تیار کرنے کے لیے پیج ویوز کو بنیاد بنایا گیا ہے۔

آئی ایم ڈی بی نے جن 10 فلموں کی فہرست جاری کی ہے اس میں شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ نے نمبر وَن پوزیشن حاصل کی ہے۔ فلم ’پٹھان‘ کے بعد شاہ رخ کی ویلیو ویسے بھی بہت بڑھ گئی ہے، اور چونکہ فلم ’جوان‘ کی ہدایت کاری ایٹلی نے کی ہے تو سبھی فلم ناظرین ایک دھماکہ دار ایکشن فلم دیکھنے کو منتظر ہیں۔ یہ فلم 2 جون کو سنیما گھروں میں آنے والی ہے اور فلم میں شاہ رخ کے ساتھ ساتھ نین تارا اور وجئے سیتوپتی بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گے۔


اب آئیے جانتے ہیں کہ آئی ایم ڈی بی کے ذریعہ پیش کردہ اس فہرست میں باقی 9 فلمیں کون سی ہیں جن کا فلم ناظرین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ دوسرے مقام پر رنبیر کپور اور بابی دیول کی اداکاری والی فلم ’انیمل‘ ہے جو کہ 11 اگست کو ریلیز ہوگی۔ اس فلم کی ہدایت کاری کا ذمہ سندیپ ریڈی وانگا نے سنبھالا ہے۔ تیسرے مقام پر پربھاس اور کیرتی سینن کی دیرینہ فلم ’آدی پرش‘ ہے جو اوم راؤ کی ہدایت کاری میں بنی ہے اور 16 جون کو ریلیز ہوگی۔ چوتھے مقام پر فلم ’غدر 2‘ ہے، جو ایک بار پھر سنی دیول اور امیشا پٹیل کی جوڑی کو پردے پر سامنے لائے گی۔ انل شرما کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم 11 اگست کو ریلیز ہوگی، یعنی 15 اگست (یومِ آزادی) کی چھٹی کا فائدہ اس فلم کو بھرپور انداز میں مل سکتا ہے۔

پانچواں مقام فلم ’چھترپتی‘ کو حاصل ہوا ہے جو 12 مئی کو سنیما گھروں میں دستک دے گی۔ وی وی ونایک کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں مرکزی کردار سائی شرینواس بیلم کونڈا نے نبھایا ہے اور ساتھ میں ہیں نصرت بھروچا اور کرن سنگھ چھابڑا۔ آئی ایم ڈی بی کی اس فہرست میں اجئے دیوگن کی دیرینہ فلم ’میدان‘ بھی شامل ہے۔ چھٹے مقام پر موجود اس فلم کی ہدایت کاری امت شرما نے کی ہے اور فلم میں اجئے دیوگن کے علاوہ پریامنی و کیرتی سریش بھی نظر آئیں گی۔ سدھارتھ ملہوترا، راشی کھنہ اور دشا پاٹنی کی فلم ’یودھا‘ ساتویں مقام پر ہے جو کہ 7 جولائی کو بڑے پردے پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ فلم کی ہدایت کار پشکر اوجھا اور ساگر آمبرے نے مل کر کی ہے۔


فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کا بھی فلم ناظرین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ آٹھواں مقام حاصل کرنے والی اس فلم میں بڑے دنوں بعد دھرمیندر اداکاری کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ 28 جولائی کو ریلیز کے لیے تیار اس فلم میں مرکزی کردار رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ نے نبھایا ہے اور ہدایت کاری کرن جوہر کی ہے۔ تیلگو فلم ’ہنومان‘ بھی اس ٹاپ-10 کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہے جو 12 مئی کو ریلیز ہوگی۔ اس فلم کو فہرست میں نواں مقام حاصل ہوا ہے۔ پرشانت ورما کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں بطور اداکار تیجا سجا، امرتا ورما اور ورالکشمی شرکت کمار نظر آئیں گے۔ دسویں مقام پر تمل اور تیلگو میں بنی فلم ’کسٹڈی‘ ہے۔ وینکٹ پربھو کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں ناگا چیتنیہ اکینینی، اروند سوامی اور کیرتی شیٹی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔