’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘، یوم پیدائش پر شاہ رخ خان نے مداحوں کو دیا شاندار تحفہ، آنے ولی فلم ’کنگ‘ کا ٹیزر ریلیز

فلم ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان کا شاندار ایکشن دیکھنے کو ملے گا، لیکن اس کے لیے مداحوں کو اگلے سال کا انتظار کرنا ہوگا، کیونکہ فلم 2026 میں ریلیز ہوگی۔ فلم کو سدھارتھ آنند ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>شاہ رخ / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بالی ووڈ میں ’کنگ خان‘ کے نام سے مشہور شاہ رخ خان آج اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور ملک کے کونے کونے سے ان کو مبارکبادیاں مل رہی ہیں۔ شاہ رخ خان نے اپنے خاص دن پر مداحوں کو زبردست تحفہ دیا ہے، دراصل انہوں نے 2 نومبر کو اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا ہے۔ فلم کا ٹیزر اتنا شاندار ہے کہ شاہ رخ خان کے لُک اور ایکشن سے نظر ہٹا پانا مشکل ہو رہا ہے، ٹیزر دیکھنے کے بعد مداح خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا ٹیزر 1 منٹ 12 سکنڈ کا ہے۔ ٹیزر میں انہیں زبردست ایکشن کرتے دیکھا گیا ہے اور اس میں استعمال کیے گئے ڈائیلاگ فلم میں کردار کی شخصیت کو مزید نکھار رہے ہیں۔ ٹیزر میں ’ڈر نہیں، دہشت ہوں، سو ملکوں میں بدنام، دنیا نے دیا صرف ایک نام، کنگ‘ جیسے بہترین ڈائیلاگ کا استعمال کیا گیا ہے۔ ٹیزر میں شاہ رخ جیل سے باہر نکلتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ مجموعی طور پر فلم میں ان کا شاندار ایکشن دیکھنے کو ملے گا، لیکن اس کے لیے مداحوں کو اگلے سال کا انتظار کرنا ہوگا، کیونکہ فلم 2026 میں ریلیز ہوگی۔ فلم کو سدھارتھ آنند ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔


شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ میں ان کی ہی فلم ’ڈان‘ کی جھلک نظر آ رہی ہے، جس میں انہوں نے ڈان بن کر پوری دنیا پر حکومت کی تھی، لیکن اس بار وہ کنگ بن کر دلوں پر راج کرنے کے لیے تیار ہیں۔ حالانکہ اب تک ان کے کردار اور فلم کی کہانی کی زیادہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ شاہ رخ خان نے ٹیزر شیئر کر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ ’’سو ملکوں میں بدنام، دنیا نے دیا صرف ایک ہی نام ’کنگ‘۔ ٹائٹل سامنے آ گیا ہے، یہ شو کا ٹائم ہے! سنیما گھروں میں 2026 میں ریلیز ہوگی۔‘‘

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹیزر آتے ہی چھا گیا ہے اور مداح شاہ رخ خان کے لُک کا اسکرین شاٹ لے کر وائرل کر رہے ہیں۔ شاہ رخ خان کو پہلے سے ہی بالی ووڈ میں کنگ خان کا خطاب ملا ہے، اور اب فلم لا کر وہ اس خطاب کو مزید یادگار بنا رہے ہیں۔ یوم پیدائش پر فلم کا ٹیزر ریلیز کرنا ان کے مداحوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان ہر طرف چھائے ہوئے ہیں اور لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ فلم پٹھان اور جوان کا بھی ریکارڈ توڑ دے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔