سنجے دت نے کینسر کو دی مات، دعاؤں کے لئے تمام مداحوں کو کہا شکریہ

سپر اسٹار سنجے دت نے کہا کہ یہ جنگ آپ کے تعاون اور اعتماد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ میں پورے دل سے اپنے کنبہ، دوستوں اور تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بالیو وڈ کے ’سنجو بابا‘ یعنی سنجے دت نے کینسر کے خلاف جنگ جیت لی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنی شفایابی کا اعلان کرتے ہوئے سنجے دت نے کہا کہ اس خبر کا اشتراک کرتے ہوئے ان کا دل ممنونیت سے بھر گیا ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو ان کی محبت اور دعاؤں کے لئے شکریہ کہا ہے۔

سنجے دت نے ٹوئٹر پر لکھا، "پچھلے کچھ ہفتے میرے اور میرے اہل خانہ کے لئے بہت مشکل کے تھے۔ لیکن جیسا کہا جاتا ہے کہ خدا اپنے سب سے مضبوط سپاہی کو سب سے مشکل جنگ سے دو چار کرتا ہے۔ اپنے بچے کی سالگرہ کے موقع پر مجھے خوشی ہے کہ میں نے جنگ جیت لی ہے اور آج میں سب سے بہترین تحفہ دینے کے قابل ہوں۔"


سپر اسٹار سنجے دت نے مزید کہا کہ "یہ جنگ آپ کے تعاون اور اعتماد کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ میں پورے دل سے اپنے کنبہ، دوستوں اور تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو میرے لئے تحریک کا باعث رہے اور میرے ساتھ کھڑے ہوئے۔ آپ کی لازوال محبت اور دعاؤں کا شکریہ۔ "

سنجے دت نے کہا کہ "میں خاص طور پر ڈاکٹر سیونتی اور ان کی ٹیم کے ڈاکٹروں اور نرسوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پچھلے چند ہفتوں کے دوران کوکیلا بین اسپتال میں میری صحیح دیکھ بھال کی۔" خیال رہے کہ اگست میں یہ خبر آئی تھی کہ سنجے دت پھیپھڑوں کے کینسر کا شکار ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد وہ کئی مرتبہ ممبئی کے لیلاوتی اور کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں علاج کے لئے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔