سلمان خان کو بامبے ہائی کورٹ سے ملی راحت، صحافی کے ساتھ برا سلوک معاملے میں شکایت رَد کرنے کا حکم

2019 میں ایک صحافی نے سلمان خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی جس میں ان پر مار پیٹ اور غلط سلوک کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

سلمان خان، تصویر آئی اے این ایس
سلمان خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو آج بامبے ہائی کورٹ نے اُس وقت راحت کی خبر سنائی جب 2019 کے ایک معاملے میں ایف آئی آر کو رد کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو اب اندھیری کورٹ میں حاضری نہیں لگانی پڑے گی کیونکہ اندھیری کورٹ کے ذریعہ جاری کیے گئے سمن کو بھی ہائی کورٹ نے رَد کر دیا ہے۔ ساتھ ہی سلمان کے خلاف درج ایف آئی آر کو بھی بامبے ہائی کورٹ نے رد کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔

دراصل 2019 میں ایک صحافی نے سلمان خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ صحافی نے اداکار پر مار پیٹ اور بدسلوکی کا الزام عائد کیا تھا۔ اسی معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے سلمان خان کو آج کلین چٹ دے دی۔ 2019 میں صحافی اشوک پانڈے نے سلمان خان کے ساتھ ساتھ ان کے باڈی گارڈ نواز شیخ پر بھی مار پیٹ کرنے اور بدسلوکی کا الزام عائد کیا تھا۔ صحافی نے بعد میں اندھیری مجسٹریٹ کے پاس اس سلسلے میں شکایت داخل کی تھی۔ پورے معاملے کو لے کر صحافی کے وکیل نے بعد میں کہا تھا کہ واقعہ 24 اپریل 2019 کی صبح پیش آیا تھا۔ اشوک پانڈے سلمان کے ساتھ ایک تصویر لے رہے تھے، اسی دوران اداکار کے باڈی گارڈ نے صحافی سے ان کا فون چھین لیا تھا اور مار پیٹ بھی کی تھی۔


شکایت دہندہ صحافی اشوک پانڈے نے سلمان خان کے خلاف اندھیری کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اس کے تحت اداکار کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 323 (چوٹ پہنچانے)، 392 (لوٹ پاٹ) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اب اسی معاملے پر سماعت کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ نے آج اداکار کے خلاف لگائے گئے صحافی کے سبھی الزامات کو خارج کر دیا اور سلمان خان کو کلین چٹ دے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔