سلمان خان: کالا ہرن شکار معاملہ میں کب کیا ہوا!

سلمان خان کو جودھپور کے بھواد اور گھوڑا فارم میں چنکارا شکار کے مختلف معاملات میں 5 سال اور ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم، وہ ہائی کورٹ سے بری ہو گئے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سپر اسٹار سلمان خان کے خلاف چل رہے تقریباً 20 سال پرانے کالے ہرن کے شکار کے معاملہ میں جودھپور کی سی جے ایم عدالت نے انہیں قصوروار قرار دے دیا ہے۔ قبل ازیں جودھپور کے بھواد اور گھوڑا فارم میں چنکارا شکار کے مختلف معاملات میں انہیں 5 سال اور ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی تاہم وہ ہائی کورٹ سے بری ہو گئے تھے۔

راجستھان حکومت نے دونوں ہی مقدمات میں سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے۔ جبکہ آرمس ایکٹ کے معاملے میں بھی سلمان نچلی عدالت سے بری ہو چکے ہیں۔ اب ان کے خلاف محض دو کالے ہرنوں کے شکار کے معاملہ میں سزا کا اعلان ہونا ہے۔ یہ معاملہ گزشتہ 20 سالوں میں کس طرح آگے بڑھا آئیے جانتے ہیں:

کالا ہرن شکار معاملہ، کب کیا کیا ہوا!

ستمبر 1998 میں راجستھان میں فلم پروڈیوسر سورج بڑجاتیا کی فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ سلمان کے علاوہ اداکار سیف علی خان، سونالی بیندرے، تبو اور نیلم بھی اس فلم میں کام کر رہے تھے۔ ان اداکاروں پر کمیاب قرار جانور کالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام عائد ہوا۔

چار مقدمات درج ہوئے

کالا ہرن شکار معاملہ میں کل 4 مقدمات درج ہوئے تھے۔ سلمان پر متھانیا اور بھواد میں چنکارا کے شکار کے دو مختلف معاملات، کنکانی میں دو کالے ہرنوں کے شکار کا معاملہ اور لائسنس ختم ہونے کے بعد بھی رائفل رکھنے (آرمس ایکٹ ) کے الزامات عائد ہوئے۔

اکتوبر 1998

یہ معاملہ کنکانی گاؤ ں کا ہے جہاں 1-2 اکتوبر 1998 کی رات دو کالے ہرنوں کا شکار کیا گیا تھا۔ آرمس ایکٹ میں درج یہ مقدمہ جولائی 2012 تک پینڈنگ رہا اور اب سیشن کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

فروری 2006

دو چنکارا شکار کے معاملہ میں سلمان خان کو پہلی بار 17 فروری 2006 کو ایک سال کی سزا ہوئی تھی۔ ان پر جودھپور کے پاس بھواد گاؤں میں 26-27 ستمبر 1998 کی رات شکار کرنے کا الزام تھا۔

اپریل 2006

ہرن شکار معاملے میں سلمان کو 10 اپریل 2006 کو پانچ سال کی سزا ہوئی تھی۔ یہ سزا انہیں جودھپور کے متھانیا کے پاس گھوڑا فارم میں 28-29 ستمبر 1998 کی رات ایک کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں سنائی گئی اور انہیں جیل جانا پڑا۔ لیکن 8 دن بعد وہ جودھپور ہائی کورٹ سے ضمانت پر چھوڑ دئیے گئے تھے۔ ان دونوں معاملات میں جودھپور ہائی کورٹ میں تبھی سے روزانہ سنوائی ہوتی رہی ہے۔

کئی ستاروں پر اکسانے کا الزام

فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران ستمبر-اکتوبر 1998 کے دوران شکار کا الزام ہے۔ اس میں سلمان خان کے ساتھ سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے اور نیلم پر بھی شکار کے لئے سلمان کو اکسانے کا الزام ہے۔

جیل میں وقت گزارا

سلمان خان کو چنکارا شکار کے معاملہ میں 12اکتوبر سے 17 اکتوبر 1998 تک پولس اور عدالتی حراست میں رہے۔ 10 سے 15 اپریل 2006 تک 6 دن کے لئے انہیں سینٹرل جیل میں بھی رہنا پڑا تھا۔

محکمہ جنگلات نے کی تھی کارروائی

ہرن شکار کے تین معاملات میں سلمان خان اب تک پولس اور عدالتی تحویل کے تحت 18 دن تک جودھپور جیل میں رہ چکے ہیں۔ شکار کے معاملے میں سلمان کو 12 اکتوبر، 1998 کو سب سے پہلے محکمہ جنگلات کی جانب سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اس کے بعد سلمان کو 17 اکتوبر تک پولس اور عدالتی تحویل میں رکھا گیا تھا۔

سینٹرل جیل میں بھی رہے سلمان

گھوڑا فارم شکار معاملہ میں سلمان کو 10 سے 15 اپریل 2006 تک 6 دن تک سینٹرل جیل میں رہنا پڑا۔ سیشن کورٹ کی طرف سے سزا کی تصدیق پر سلمان کو 26 سے 31 اگست 2007 تک جیل میں رہنا پڑا تھا۔

جنوری 2018

کالا ہرن شکار معاملہ میں جودھپور کی سی جے ایم عدالت نے 4 جنوری، 2018 کو سماعت مکمل کر لی تھی۔ لیکن اس معاملے میں فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ عدالت نے اگلی سماعت کے لئے 5 اپریل کا دن مقرر کیا تھا۔

5 پریل 2018

کالا ہرن شکار کیس میں سلمان خان اور دیگر دو ملزمان ایک دن پہلے ہی جودھپور پہنچ گئے تھے۔ 5 اپریل کی صبح معاملہ کی سماعت ہوئی اور سی جے ایم دیو کھتری نے اس معاملہ میں سلمان خان کو اس معاملہ میں مجرم قرار دے دیا لیکن دیگر ملزمان کو راحت دیتے ہوئے بری کر دیا۔ اس فیصلے کے بعد سیف علی خان، سونالی بیندرے، تبو اور نیلم کو راحت حاصل ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Apr 2018, 1:07 PM