معروف فلم ہدایت کار اور ریتک روشن کے نانا جے اوم پرکاش کا انتقال

اوم پرکاش کی پیدائش 24 جنوری 1927 کو پاکستان کے لاہور میں ہوئی تھی۔ ہدایتکار کے طور پر ان کی پہلی فلم ’آپ کی قسم‘ تھی جو 1974 میں ریلیز ہوئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلم ہدایت کار اور اداکار ریتک روشن کے نانا جے اوم پرکاش کا بدھ کی صبح انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 93 سال کی تھی۔ فلم اداکار دیپک پراشر نے ٹوئٹر پر اس کی اطلاع دی۔ جے اوم پرکاش نے 70 اور 80 کی دہائی میں ’آئی ملن کی بیلا‘، ’آیا ساون جھوم کے‘ اور ’آپ کی قسم ‘ جیسی سدا بہار کلاسیک فلمیں بنائیں۔

واضح رہے کہ جے اوم پرکاش کی بیٹی پنکی نے بالی ووڈ کے مشہور اداکار و فلم ساز اور ریتک روشن کے والد راکیش روشن سے شادی کی تھی۔


اپنے چچا کے انتقال کی خبر کو شیئر کرتے ہوئے اداکار دیپک پراشر نے ٹوئٹ کیا، ’’میرے سب سے پیارے انکل جناب جے اوم پرکاش کا انتقال ہو گیا ہے۔ اس کا بہت افسوس ہے، سورگ میں ان کی ملاقات اپنے دوست اور میرے ماماجی موہن کمار سے ہوگی۔ ہندوستانی سنیما میں ان کا تعاون ایک تحفہ کی طرح ہے جسے وہ اپنے پیچھے چھوڑ گئے۔‘‘

اوم پرکاش کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے امیتابھ بچن اپنے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ ان کے گھر پہنچے۔ فلم اداکار دھرمیندر اور جیتیندر بھی ان کے گھر پہنچے۔ اپنے نانا کی موت کی خبر پاکر ریتک کی بہن سونینا روشن ان کے آخری دیدار کرنے کے دوران پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔


اوم پرکاش کی پیدائش 24 جنوری 1927 کو پاکستان کے لاہور میں ہوئی تھی۔ ہدایتکار کے طور پر ان کی پہلی فلم ’آپ کی قسم‘ تھی جو 1974 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کے نغمے کافی مشہور ہوئے تھے۔ اس فلم میں اہم کردار راجیش کھنہ اور ممتاز نے ادا کیا تھا۔

ایک تخلیق کار کے طور پر انہوں نے ’آس کا پنچھی‘، ’آئی ملن کی بیلا‘، ’آیا ساون جھوم کے‘ اور ’آنکھوں آنکھوں میں‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔ گلزار کے ساتھ انہوں نے سال 1975 میں آئی بلاک بسٹر فلم ’آندھی‘ کے وہ شریک تخلیق کار تھے، جس میں سنجیو کمار اور سچترا سین اہم کرداروں میں تھے۔


بعد میں انہوں نے ہدایت کاری کے شعبہ میں قدم رکھا اور کئی فلموں کی ہدایت انجام دی، جن میں راجیش کھنہ کی ’آپ کی قسم‘، ’آخر کیوں؟‘، ’عاشق ہوں بہاروں کا‘، دھرمیندر اور ہما مالنی کی ’آس پاس‘، رجنی کانت، راکیش روشن اور شری دیوی کی ’بھگوان دادا‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔

ان کی آخری رسومات بدھ کی دوپہر ولے پارلے شمشان میں ان کے خاندان کے ارکان، فلمی دنیا کی معروف ہستیوں اور ان کے مداحوں کی موجودگی میں ادا کی گئیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔