پدماوتی تنازعہ: پارلیمانی کمیٹی نے بھنسالی کو نوٹس بھیجا

فایل تصویر/سوشل میڈیا
فایل تصویر/سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فلم پدماوتی کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو پارلیمنٹ کی پٹیشن کمیٹی نے نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 30 نومبر کو پیش ہونے کا حکم سنایا ہے۔ چتوڑگڑھ کے رکن پارلیمنٹ سی پی جوشی نے 20 نومبر کو پٹیشن کمیٹی سے اپیل کی تھی کہ فلم پدماوتی میں تاریخ کو غلط طریقہ سے پیش کیا گیا ہے۔ جس کے بعد بھگت سنگھ کوشیاری کی صدارت والی کمیٹی نے اس عرضی پر غور کرتے ہوئے بھنسالی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ پدماوتی معاملہ پر پارلیمانی کمیٹی نے اطلاعات و نشریات کی وزارت سے بھی 15 دن کے اندر رپورٹ طلب کیا ہے۔

واضح رہے کہ ’پدماوتی ‘ کے خلاف راجپوت طبقہ، مقامی تنظیموں اور رہنماؤں کی طرف سے مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ اسی کے پیش نظر فلمسازوں نے فلم کی ریلیز کو ٹال دیا ہے۔ سنسر بورڈ کے صدر پرسون جوشی نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ فلم کی موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے سرٹیفکیٹ دینے میں 60 دنوں سے زیادہ کا وقت لگ سکتا ہے۔

کرنی سینا کے ارکان دہلی میں پدماوتی کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے/تصویر قومی آواز
کرنی سینا کے ارکان دہلی میں پدماوتی کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے/تصویر قومی آواز

مدھیہ پردیش، راجستھان، پنجاب اور اتر پردیش کے وزرائے اعلیٰ اس فلم پر اعتراض ظاہر کر چکے ہیں ۔ ان وزرائے اعلیٰ نے کہا ہے کہ فلم سے قابل اعتراض مناظر ہٹائے بغیر وہ اسے اپنی ریاست میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ دوسری طرف گوا میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا کے پروگرام دوران فلم ساز سدھیر مشرا نے پدماوتی پر ہو رہے تنازعہ کو افسوس ناک قرار دیا ہے ۔ سدھیر نے کہا کہ ’’جس طرح مظاہرین کو احتجاج کا حق ہے اسی طرح ایک ہدایت کار کو بھی اپنی سوچ کو ظاہر کرنے کا حق حاصل ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم فلم بنانے کے اپنے حق کے لئے متحد ہیں۔ آپ فلم کی مخالفت کر سکتے ہیں لیکن بطور ہدایت کار ہمارے حقوق کی خلاف وزی نہیں کر سکتے۔‘‘

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Nov 2017, 4:18 PM