پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کے گھر بیٹے کی آمد، ’اب ہمارے پاس سب کچھ ہے‘

اداکارہ پری نیتی چوپڑا اور سیاست دان شوہر راگھو چڈھا والدین بن گئے ہیں۔ جوڑے نے انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ میں بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری شیئر کی اور لکھا، ’’اب ہمارے پاس سب کچھ ہے‘‘

<div class="paragraphs"><p>پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور ان کے شوہر سیاست دان راگھو چڈھا زندگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ دونوں نے اپنے پہلے بچے کی آمد کی خوشخبری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک بیٹے کے والدین بن گئے ہیں۔ یہ خوش خبری اتوار کے روز ان دونوں نے ایک مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں تک پہنچائی۔

پرینیتی اور راگھو نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’وہ آخرکار آ گیا! ہمارا بیٹا۔‘‘ مزید کہا، ’’ہمیں اپنی پرانی زندگی یاد ہی نہیں، بانہوں میں بچہ ہے اور دل پہلے سے زیادہ بھرا ہوا۔ پہلے ہم ایک دوسرے کے تھے، اب ہمارے پاس سب کچھ ہے۔‘‘ دونوں نے پیغام کے آخر میں لکھا، ’’شکر گزاری کے ساتھ، پرینیتی اور راگھو۔‘‘ اس تصویری پوسٹ کے ساتھ انہوں نے کوئی کیپشن نہیں دیا بلکہ صرف ایک نیلی آنکھ (ایول آئی) ایموجی لگائی، جو خوش نصیبی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

اس سے قبل اتوار کی صبح یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پرینیتی چوپڑا دہلی کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔ ذرائع کے مطابق راگھو چڈھا اس دوران اپنی اہلیہ کے ساتھ موجود تھے۔ ایک قریبی ذرائع نے بتایا، ’’پرینیتی دہلی کے اسپتال میں داخل ہیں۔ خاندان کے تمام افراد ان کے ساتھ ہیں اور سب بچے کی آمد کے انتظار میں بے حد پُرجوش ہیں۔ اس سال کی دیوالی ان کے لیے خاص ہوگی کیونکہ یہ خوشی دوگنی ہو گئی ہے۔‘‘


پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے اگست 2024 میں اپنی پہلی اولاد کی خوشخبری دی تھی۔ اس وقت دونوں نے انسٹاگرام پر ایک سفید اور سنہری کیک کی تصویر شیئر کی تھی، جس پر لکھا تھا ’’1 + 1 = 3‘‘ اور ساتھ میں ننھے قدموں کا ڈیزائن بھی بنا ہوا تھا۔ انہوں نے ساتھ ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی جس میں دونوں پارک میں چہل قدمی کرتے اور ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے نظر آ رہے تھے۔

پرینیتی اور راگھو نے مئی 2023 میں نئی دہلی کے کپورتھلا ہاؤس میں منگنی کی تھی، جس کے چند ماہ بعد ستمبر میں وہ اودے پور کے دی لیلا پیلس میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ ان کی شادی میں سیاست اور فلمی دنیا کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔

رواں سال اگست میں راگھو چڈھا نے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں شرکت کے دوران مذاق میں کہا تھا، ’’دیں گے، آپ کو جلد خوشخبری دیں گے۔‘‘ ان کا اشارہ اسی خوشی کی جانب تھا جس کا اب اعلان کیا گیا ہے۔ پرینیتی چوپڑا کے مداحوں اور فلمی شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سبھی نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔