پدماوتی: سپریم کورٹ نے یوگی، شیوراج، روپانی اور وسندھرا کو پھٹکار لگائی!

دوسرے ممالک میں فلم پد ماوتی اسی وقت ریلیز کی جائے گی جب اسے ہندوستان میں ریلیز کرنے کی منظوری ملے گی۔انہوں نےیکم دسمبر کو فلم ریلیز کرنے کی خبروں کوغلط بتایا۔

تصویر نیشنل ہیرلڈ
i
user

قومی آواز بیورو

فلم ’پدماوتی‘ کا تنازعہ سپریم کورٹ پہنچنے کے بعد کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور لیڈروں کے بیانات پر عدالت عظمیٰ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ آج سپریم کورٹ نے بیان بازی کرنے والے لیڈروں کو نصیحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب یہ فلم سنسر بورڈ کے ذریعہ منظوری کا انتظار کر رہی ہےتو اعلیٰ عہدوں پر فائز لوگ یہ بیان کس طرح دے سکتے ہیں کہ اس فلم کو سنسر بورڈ کے ذریعہ پاس کیا جانا چاہیے یا نہیں ۔ ’پدماوتی‘ فلم کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے سنسر بورڈ کا فیصلہ متاثر ہوگا اس لیے لیڈروں کو فلم سے متعلق کسی بھی طرح کا بیان دینے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ اس دوران عدالت عظمیٰ نے اس عرضی کو بھی خارج کر دیا جس میں فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش اور گجرات کے وزرائے اعلیٰ یعنی یوگی آدتیہ ناتھ، وسندھرا راجے، شیوراج سنگھ چوہان اور وجے روپانی اپنی ریاستوں میں ’پدماوتی‘ کو ریلیز نہ کیے جانے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان ریاستوں میں اس فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی لگاتار ہو رہے ہیں۔ اسی ضمن میں سپریم کورٹ میں آج سماعت ہو رہی تھی جس میں عدالت نے کہا کہ ذمہ دار عہدوں پر فائز لوگوں کو قانون کا پاس و لحاظ رکھنا چاہیے اور ایسی کسی فلم پر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے جسے سنسر بورڈ سے منظوری نہیں ملی ہو۔ سرکردہ لیڈروں کے بیان پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس سے سماجی خیر سگالی کو نقصان پہنچے گا اور یہ قانونی اصول کے بھی خلاف ہے۔

آج کی سماعت میں بھنسالی کے وکیل کے طور پر موجود ہریش سالوے نے عدالت کو اس بات کا بھی بھروسہ دلایا کہ فلم کو دوسرے ممالک میں اسی وقت ریلیز کی جائے گی جب ہندوستان میں اس کو ریلیز کرنے کی منظوری مل جائے گی۔ انھوں نے دوسرے ممالک میں یکم دسمبر کو فلم ریلیز کرنے کی خبروں کو غلط بتایا۔

سپریم کورٹ نے آج وکیل منوہر لال شرما کی اس عرضی کو بھی خارج کر دیا جس میں انھوں نے ’پدماوتی‘ کے فلمساز و ہدایت کار پر مجرمانہ معاملہ درج کیے جانے کی اپیل کی تھی۔ شرما نے فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ لیکن عدالت نے اس عرضی کو نہ صرف خارج کیا بلکہ اسے بے وجہ قرار دیتے ہوئے شرما کو زبردست پھٹکار بھی لگائی ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔