سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کرنے کے ملزم نے خود کو بے قصور قرار دیا، درخواست ضمانت داخل

سیف علی خان کے گھر میں جنوری میں گھسنے اور تنازعہ کے واقعہ میں گرفتار محمد شریف الاسلام نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست پیش کی ہے، جس پر سماعت 21 جولائی کو مقرر ہے

<div class="paragraphs"><p>سیف علی خان / آئی اے این ایس</p></div>

سیف علی خان / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: اداکار سیف علی خان کے ممبئی واقع رہائش گاہ میں داخل ہونے اور چاقو سے حملہ کر کے انہیں زخمی کرنے کے ملزم محمد شریف الاسلام نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ یہ معاملہ جنوری میں پیش آیا تھا، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا تھا۔ اب وہ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں بند ہے۔

محمد شریف الاسلام نے اپنے وکیل وپل دوشینگ کے توسط سے عدالت میں ضمانت کی عرضی دائر کی۔ عرضی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر ایک تصوراتی کہانی پر مبنی ہے اور اس میں کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں۔ اس نے کہا کہ وہ بے گناہ ہے اور واقعے سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ واقعے کی تفتیش تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اب صرف چارج شیٹ دائر ہونا باقی ہے۔ اہم شواہد جیسے سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ریکارڈز اور دیگر دستاویزات پہلے ہی استغاثہ کے پاس موجود ہیں۔ اس بنیاد پر دلیل دی گئی ہے کہ وہ نہ تو کسی ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے اور نہ ہی گواہوں کو متاثر کرنے کی پوزیشن میں ہے۔


درخواست میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ محمد شریف الاسلام کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور گرفتاری کے وقت اس کو نہ تو وجہ سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی ضمانت کے حق کے بارے میں معلومات دی گئیں، جو کہ بھارتیہ ناگرک سرکشا سمہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 47 کی خلاف ورزی ہے۔ اس دفعہ کے تحت ہر گرفتار فرد کو فوری طور پر اپنی گرفتاری کی وجہ اور ضمانت کے حق کے بارے میں مطلع کیا جانا ضروری ہے۔

یہ معاملہ 16 جنوری کی رات تقریباً 2 بجے پیش آیا تھا، جب ایک اجنبی شخص سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا۔ اطلاعات کے مطابق، گھر کی ملازمہ سے تلخ کلامی کے بعد گھر کے مالک سیف علی خان کے ساتھ بھی اس شخص کی بحث اور ہاتھاپائی ہوئی تھی۔ معاملہ پولیس کے علم میں آنے پر کارروائی کی گئی اور شخص کو حراست میں لیا گیا۔ عدالت اب 21 جولائی کو محمد شریف الاسلام کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔