سلمان خان LIVE: ضمانت پر عدالتی فیصلہ محفوظ، ایک رات اور کاٹیں گے جیل میں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

06 Apr 2018, 11:21 AM

سلمان کی ضمانت پر عدالت کل تک کے لئے محفوظ

جودھ پور سیشن عدالت میں سلمان خان کی طرف سے پیش کی گئی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سلمان خان کی طرف سے پیش وکیل مہیش بورا نے ان کا موقف رکھا۔ سماعت پوری ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ کل تک کے لئے محفوظ رکھ لیا ہے۔

سلمان خان کے وکیل مہیش بورا نے جج سے کہا کہ سلمان خان کو شبہ کا فائدہ دیا جانا چاہئے۔ سماعت کے وقت کافی تعداد میں بشنوئی طبقہ کے لوگ عدالت کے باہر موجود تھے۔ سیشن جج رویندر جین اب سلمان خان کی ضمانت پر فیصلہ کل سنائیں گے۔ سلمان خان ایک رات جودھ پور سنٹرل جیل میں کاٹ چکے ہیں اور اب یہ طے ہو گیا ہے کہ ان کی دوسری رات بھی جیل میں ہی کٹے گی۔

قبل ازیں، جودھ پور سنٹرل جیل میں قید سلمان خان نے سزا کی پہلی رات بے چینی میں کاٹی۔ سلمان کو جودھ پور کے کانکانی میں 1998 میں دو کالے ہرنوں کے شکار کے جرم میں جودھ پور کی سی جے ایم عدالت نے 5 سال کی سزا سنائی ہے۔

06 Apr 2018, 10:11 AM

سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت آج

کالا ہرن شکار معاملہ میں 5 سال کی سزا اور 10 ہزار کا جرمانہ لگانے کے بعد سپر اسٹار سلمان خان نے جودھ پور سنٹرل جیل میں رات کاٹی۔ ان کی ضمانت کی درخواست پر آج 10:30 بجے سیشن کورٹ میں سماعت ہوگی۔ سیشن عدالت سے ضمانت کی درخواست خارج ہونے کی صورت میں سلمان خان کو ہائی کورٹ میں اپیل کرنی پڑے گی۔

جودھ پور سیشن کورٹ میں سلمان خان کی عرضی کے لئے ان کے وکلاء نے پوری تیاری کر لی ہے۔ ہستی مل نے سیشن کورٹ میں 51 صفحات پر مشتمل درخواست پیش کی ہے، اس پر جج رویندر کمار جوشی سماعت کریں گے۔ عدالت میں وکیل ہستی مل سارسوت اور مہیش بوڑا سلمان خان کا موقف رکھیں گے۔ وہیں سرکاری وکیل پوکررام بشنوئی حکومت کا موقف رکھیں گے۔

کالے ہرن شکار معاملہ میں سلمان خان کو 5 سال جیل کی سزا سنائے جانے کے بعد سے بالی وڈ میں مایوسی کا عالم ہے۔ سلمان خان کے دوست ساجد ناڈیاوالا نے اپنی فلم ’باغی -2‘ کی سکسیس پارٹی منسوخ کر دی ہے۔ وہ سلمان خان کے بھائیوں کے ساتھ جودھ پور پہنچ رہے ہیں۔

ادھر سلمان خان کے وکیل مہیش بورا نے دعوی کیا ہےکہ ان کو ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ کال کے ذریعے دھمکی دی گئی ہے کہ وہ سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہ ہوں۔ بورا کا کہنا ہے کہ دھمکی دئے جانے کے بعد وہ اس معاملہ سے خود کو علیحدہ نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔