لتا منگیشکر: 6 دہائیاں، 20 زبانیں، 50 ہزار سے زیادہ نغمے

اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئی لتا منگیشکر کا اصلی نام ہیما ہریکدر ہے۔ پانچ سال کی عمر میں ہی لتا نے اپنے والد دینا ناتھ منگیشکر کے ساتھ ڈراموں میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

تقریباً چھ دہائیوں سے اپنی جادوئی آواز کے ذریعہ 20 سے بھی زائد زبانوں میں پچاس ہزار سے بھی زیادہ نغموں کو اپنی آواز دے کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے والی موسیقی کی دیوی لتا منگیشکر آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کررہی ہیں۔

اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پیدا ہوئی لتا منگیشکر کا اصلی نام ہیما ہریکدر ہے۔ ان کے والد دینا ناتھ منگیشکر مراٹھی اسٹیج سے جڑے ہوئے تھے ۔ پانچ سال کی عمر میں لتا نے اپنے والد کے ساتھ ڈراموں میں کام کرنا شروع کردیا تھا اس کے ساتھ ہی لتا موسیقی کی تعلیم اپنے والد سے حاصل کرنے لگی تھیں۔


سال 1942 میں تیرہ برس کی عمر میں لتا کے سر سے باپ کا سایہ اٹھا گیا اور خاندان کی ذمہ داری لتا منگیشکر کے اوپر آگئی۔ اس کے بعد ان کا پورا خاندان پنے سے ممبئی آگیا۔ حالانکہ لتا کو فلموں میں کام کرنا بالکل پسند نہ تھا۔اس کے باوجود اپنے گھر والوں کی مالی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے لتا نے فلموں میں کام کرنا شروع کردیا۔

سال 1942 میں لتا کو فلم ’پہلی منگل گوڑ‘ میں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔سال 1945 میں لتا کی ملاقات موسیقار غلام حیدر سے ہوئی ۔ غلام حیدر لتا کے گانے کے انداز سے کافی متاثرتھے۔ غلام حیدر نے فلم ڈائریکٹر ایس مکھرجی سے یہ گزارش کی کہ وہ لتا کو اپنی فلم شہید میں گانے کا موقع دیں۔


ایس مکھرجی کو لتا کی آواز پسند نہیں آئی اور انہوں نے لتا کو اپنی فلم میں لانے سے انکار کردیا، اس بات کو لیکر غلام حیدر کافی غصہ ہوئے اور انہوں نے کہاکہ لڑکی آگے چل کر اتنی شہرت کمائی گے کہ بڑے بڑے ہدایت کار اسے اپنی فلموں میں گانے کے لئے گزارش کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
مشہور و معروف موسیقار نوشاد مقبول گلوکارہ لتا منگیشکر کے ہمراہ

سال 1949 میں فلم محل کا نغمہ ’آئے گا آنے والا ‘ گانے کے بعد لتا بالی ووڈ میں اپنی پہنچان بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔ اس کے بعد راج کپور کی فلم برسات کا گانا ’جیا بے قرار ہے ، ہوا میں اڑتا جائے جیسے نغمے گاکر لتا بالی ووڈ میں ایک کامیاب پلے بیک سنگر بن گئیں۔


سری رام چندر کی موسیقی میں لتا نے پردیپ کے لکھے گیت پر ایک پروگرام کے دوران ایک غیر فلمی گیت ’’ اے میرے وطن کے لوگوں‘‘ گایا ۔ اس نغمے کو سن کر وزیراعظم جواہر لعل نہرو اتنے متاثر ہوئے کہ ان کی آنکھ سے آنسو آگئے۔ لتا منگیشر کے اس گانے کو سن کر آج بھی لوگوں کی آنکھیں نم ہوجاتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Sep 2019, 11:10 AM