کترینہ کیف اور وکی کوشل کے گھر ننھے مہمان کی آمد، بیٹے کی پیدائش پر اہم شخصیات اور مداحوں کی مبارکباد
کترینہ کیف اور وکی کوشل کے گھر ننھے مہمان کی آمد ہوئی ہے، وکی نے انسٹاگرام پر خوشخبری شیئر کی۔ بالی ووڈ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے

بالی ووڈ کی معروف اور دلکش جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کے گھر خوشیوں کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اداکارہ نے آج جمعہ 7 نومبر 2025 کو ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔ اس خوشخبری کا اعلان خود وکی کوشل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
وکی کوشل نے انسٹاگرام پر ایک دل کو چھو لینے والی پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا تھا، ’’ہمارے گھر میں خوشیوں نے قدم رکھ دیا ہے۔ بہت سارے پیار اور دعاؤں کے ساتھ ہم اپنے بیٹے کا استقبال کر رہے ہیں۔‘‘
اداکار کے اس پیغام کے ساتھ ہی مداحوں، دوستوں اور بالی ووڈ شخصیات نے جوڑے کو نیک تمناؤں سے نوازنا شروع کر دیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’’بہت مبارک ہو، ننھے مہمان کے لیے ڈھیروں دعائیں!‘‘، جب کہ ایک اور صارف نے لکھا، ’’آپ دونوں بہترین والدین ثابت ہوں گے۔‘‘ سوشل میڈیا پر یہ خوشخبری وائرل ہو چکی ہے اور فینز خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل اپنی پہلی اولاد کی خبر سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ کترینہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک خوبصورت تصویر پوسٹ کی تھی جس میں وکی کوشل محبت سے انہیں تھامے ہوئے تھے۔ اس موقع پر فلمی دنیا کی مشہور شخصیات نے بھی انہیں ڈھیروں دعائیں دی تھیں۔
کترینہ کیف نے اپنے حمل کے دوران میڈیا سے دوری بنائے رکھی اور زیادہ تر وقت گھر پر ہی گزارا۔ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے ایک شاہی ریزورٹ میں شادی کی تھی۔ اس جوڑے کی شادی نہ صرف مداحوں بلکہ فلمی دنیا میں بھی طویل عرصے تک زیرِ بحث رہی۔ دونوں کی جوڑی کو بالی ووڈ کی سب سے پسندیدہ جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
بیٹے کی پیدائش کے ساتھ ہی دونوں کے گھر خوشیوں کا سماں ہے۔ اطلاعات کے مطابق ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔ کترینہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے اپنے اہلِ خانہ کے درمیان پرسکون ماحول میں بچے کو جنم دیا۔