قادر خان کو پدم شری ملنے پر بیٹے کا درد چھلکا، کہا- مودی حکومت نے دیر سے دیا اعزاز‘

بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار قادر خان کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے، جس کے بعد انہیں پدم شری ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا۔ اس اعلان کے بعد ان کے بیٹے سرفراز کا درد چھلک گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار قادر خان کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے، جس کے بعد انہیں پدم شری ایوارڈ دیئے جانے کا اعلان کیا گیا۔ اس اعلان کے بعد ان کے بیٹے سرفراز کا درد چھلک گیا۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا، ’’بہتر ہوتا کہ میرے والد اس اعزاز کو حاصل کرنے کے لئے موجود ہوتے۔‘‘

سرفراز کا خیال ہے کہ ان کے والد کو یہ اعزاز ملنے میں دیر ہوئی۔ اس سے پہلے بھی وہ اپنے والد کو بالی ووڈ کی طرف سے نظر انداز کیے جانے کی شکایت کر چکے ہیں۔ قادر خان کا انتقال طویل علالت کے بعد گزشتہ 31 دسمبر کو ہو گیا تھا۔

اس سے پہلے قادر خان کے بیٹے سرفراز نے فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی طرف سے ان کے والد کے تئیں سرد رویہ پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کنیڈا جانے کے بعد فلم انڈسٹری کے لوگوں نے ان کے والد کو نظر انداز کر دیا اور جس وقت قادر خان شدید بیمار چل رہے تھے تو کسی نے ان کا حال تک نہیں پوچھا۔ سرفراز نے کہا کہ ان کے والد کے ساتھ کام کر چکے کئی بڑے اداکار اور قریبی لوگوں نے بھی انہیں ایک فون تک نہیں کیا، یہاں تک کے ان کے انتقال کے بعد بھی ہمدردی کا اظہار نہیں کیا۔

قادر خان کی پیدائش 22 اکتوبر 1937 کو کابل میں ہوئی تھی۔ انہوں نے 1973 میں فلم ’داغ‘ سے اپنی اداکاری کی شروعات کی تھی۔ اس فلم میں راجیش کھنہ اہم اداکار تھے۔ اس سے قبل وہ رندھیر کپور اور جیہ بچن کی فلم ’جوانی دیوانی‘ کے مکالمے لکھ چکے تھے۔ ایک اسکرپٹ رائٹر کے طور پر قادر خان نے منموہن دیسائی اور پرکاش مہرا کے ساتھ مل کر کئی فلموں کی اسکرپٹ لکھی تھیں۔ قادر خان نے تقریباً 300 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور 250 سے زیادہ فلموں کے ڈائیلاگ لکھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔