فلم ’غدر 2‘ کو پیچھے چھوڑ کر ’جوان‘ بنی ہندوستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم

فلم ’جوان‘ نے 22ویں دن یعنی جمعرات کو 5.81 کروڑ روپے (ہندی زبان میں) کی کمائی کی جس سے فلم کی مجموعی کمائی ہندی زبان میں 525.50 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

جوان فلم کا پوسٹر / ٹوئٹر
جوان فلم کا پوسٹر / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

فلم ’جوان‘ لگاتار کمائی کے نئے نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔ اب یہ ہندوستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی (ہندی زبان میں) فلم بن گئی ہے۔ اس نے ’غدر 2‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو کہ اب بھی سنیما گھروں میں ٹکی ہوئی ہے اور روزانہ اپنی کمائی میں اضافہ کر رہی ہے۔ گویا کہ اب ’غدر 2‘ اور ’جوان‘ کے درمیان کچھ دنوں تک مقابلہ چلتا رہے گا۔ حالانکہ ’جوان‘ اب بھی روزانہ کروڑوں روپے میں کمائی کر رہی ہے اور ’غدر 2‘ کی کمائی لاکھوں روپے تک محدود رہ گئی ہے، اس لیے ایسا کم ہی لگ رہا ہے کہ ’غدر 2‘ آگے بڑھ پائے گی۔

ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرشن نے جمعرات کے روز باکس آفس پر کمائی کرنے والی فلموں کی تفصیل جاری کی ہے۔ ان کے مطابق فلم ’جوان‘ نے 22ویں دن یعنی جمعرات کو 5.81 کروڑ روپے (ہندی زبان میں) کی کمائی کی جس سے فلم کی مجموعی کمائی ہندی زبان میں 525.50 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف سیکنلک کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں ریلیز ہوئی فلم ’پٹھان‘ نے ہندی زبان میں مجموعی طور پر 524.53 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، جبکہ ’غدر 2‘ کی بات کریں تو اس فلم کی کمائی 49ویں دن یعنی جمعرات کو مجموعی طور پر 524.75 کروڑ روپے پہنچ گئی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہندی زبان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی ووڈ فلموں کی ٹاپ-3 والی فہرست میں شاہ رخ خان کی دو فلمیں ’جوان‘ اور ’پٹھان‘ شامل ہو گئی ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ ایٹلی کی ہدایت کاری والی فلم ’جوان‘ نے پوری دنیا میں تہلکہ مچا رکھا ہے۔ ورلڈ وائیڈ اس فلم نے گزشتہ دنوں 1000 کروڑ روپے کی کمائی کا ریکارڈ بنایا ہے۔ جنوبی ہند میں بھی اس فلم نے دھمال مچا رکھا ہے اور شاہ رخ خان کے ساتھ ساتھ وجئے سیتوپتی اور نین تارا کی اداکاری کو بھی لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔