وردی پہنے انل کپور کی ’غلط زبان‘ پر ہندوستانی فضائیہ کا اعتراض، متعلقہ مناظر ہٹانے کا مطالبہ

ایئر فورس نے بیان میں کہا ہے کہ اس ویڈیو میں ائر فورس کی وردی کو غلط طریقے سے پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس میں جس طرح کی زبان استعمال کی گئی ہے وہ قابل اعتراض ہے۔

فلم اے کے ورسز اے کے کا منظر / تصویر آئی اے این ایس
فلم اے کے ورسز اے کے کا منظر / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: فضائیہ نے آن لائن پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی نئی فلم ’اے کے ورسز اے کے‘ کے کچھ مناظر پر اعتراض ظاہر کیا ہے اور اسے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلم کے اداکار انل کپور نے ایک ٹوئٹ میں فلم کے ٹریلر کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ فضائیہ نے اس ویڈیو پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے اور آج اس کے جواب میں ایک ٹوئٹ بھی کیا گیا۔

خیال رہے کہ آن لائن پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ایک پراجیکٹ آنے والا ہے جس کا نام ہے ’اے کے ورسز اے کے‘۔ حال ہی میں اس کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے، جس میں انل کپور فضایہ افسر کی وردی پہنے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سین میں انل کپور ڈائریکٹر انوراگ کشیپ کے ساتھ ہیں اور قابل اعتراض زبان کا استعمال کر رہے ہیں۔


ایئر فورس نے بیان میں کہا ہے کہ "اس ویڈیو میں ائر فورس کی وردی کو غلط طریقے سے پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس میں جس طرح کی زبان استعمال کی گئی ہے وہ قابل اعتراض ہے۔ یہ ملک کی افواج کے رویے کے مطابق نہیں ہے۔ متعلقہ مناظر کو ہٹانے کی ضرورت ہے۔ "

ویڈیو میں اداکار انل کپور کو ائر فورس کے افسر کی وردی پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایک مکالمے میں انل کپور کو شریک اداکار انوراگ کشیپ کے ساتھ قابل اعتراض باتیں کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فضائیہ نے اس سے پہلے بھی 'گنجن سکسینہ - دی کارگل گرل' کے سلسلے میں اعتراض کیا تھا۔


واضح رہے کہ اس فلم کی تشہیر کے تحت گزشتہ دنوں انل کپور اور انوراگ کشیپ کے درمیان سوشل میڈیا پر تو تو میں میں چل رہی تھی۔ دونوں ایک دوسرے کے خلاف اس طرح ٹوئٹ کر رہے تھے گویا دونوں میں حقیقتاً کوئی تنازعہ ہوا ہے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔