آئی ایم ڈی بی نے جاری کیا مقبول ہندوستانی فلمی ہستیوں کی فہرست، دھنش اور عالیہ بھٹ بنے ٹاپر، دیکھیے فہرست

آئی ایم ڈی بی کے ذریعہ جاری 2022 کے لیے ٹاپ-10 فلمی ہستیوں کی فہرست میں اداکار دھنش نے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اداکار دھنش نے 2022 کے ٹاپ-10 مقبول ہندوستانی فلمی ہستیوں کی آئی ایم ڈی بی فہرست میں اوّل مقام حاصل کیا ہے۔ دھنش کو حال ہی میں تمل فلم ’نانے ورووین‘ میں دیکھا گیا تھا۔ ویسے وہ ’دی گرے مین‘ کے ساتھ ایک عالمگیر فلمی ہستی بن گئے ہیں۔ دھنش اس سال پانچ بہترین فلموں ’دی گرے مین‘، ’مارن‘، ’تھروچترمبلم‘، ’نانے ورووین‘ اور ’واتھی‘ میں دکھائی دیئے تھے۔

دھنش کے بعد ’برہماستر‘ فلم کی اداکارہ عالیہ بھٹ کا نمبر آتا ہے جنھوں نے اس سال پین-انڈیا میگنم اوپس آرآرآر، گنگو بائی کاٹھیاواڑی اور اسٹریمنگ فلم ’ڈارلنگز‘ میں اداکاری کی۔ اس سال کی فہرست میں شامل ہونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے عالیہ نے کہا کہ ’’2022 اب تک فلموں میں میرے لیے سب سے یادگار سال رہا ہے۔ ناظرین نے اس سال میری سبھی فلموں کو جو پیار دیا ہے اس کے لیے میں شکرگزار ہوں۔ ہمارے ملک کے بہترین فلمسازوں اور اداکاروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے میں خوش ہوں۔ مجھے امید ہے کہ جب تک میں کیمرے کا سامنا کر رہی ہوں، تب تک میں ناظرین کی تفریح کرنا جاری رکھ سکتی ہوں۔‘‘


اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ایشوریہ رائے بچن ہیں۔ انھوں نے منی رتنم کی دیرینہ فلم ’پونین سیلون: پارٹ 1‘ کے ساتھ پانچ سال بعد فلموں میں واپسی کی جو باکس آفس پر اس سال کی سب سے بڑی فلموں میں سے ایک ثابت ہوئی۔ فلم ’آرآرآر‘ میں عالیہ کے ساتھی اداکار رام چرن تیجا اور این ٹی راماراؤ جونیئر بالترتیب چوتھے اور آٹھویں مقام پر رہے۔ فلم ’یشودا‘ کی اداکاری سامنتھا رُتھ پربھو کو پانچواں مقام حاصل ہوا ہے، اور اس کے بعد رتک روشن کا نمبر آتا ہے جو چھٹے مقام پر ہیں۔ کیارا اڈوانی (جنھوں نے 2022 میں ناظرین کو فلم ’جگ جگ جیو‘ اور ’بھول بھلیا 2‘ سے تفریح فراہم کیا) فہرست میں ساتواں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ علاوہ ازیں فلم ’پشپا‘ کے اداکار الو ارجن کو نواں اور فلم ’کے جی ایف‘ اداکار یش کو دسواں مقام حاصل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اس فہرست میں ویسے اداکار شامل ہیں جو 2022 کے دوران آئی ایم ڈی بی ہفتہ واری رینکنگ چارٹ پر لگاتار سرفہرست رہے۔ یہ رینکنگ دنیا بھر میں آئی ایم ڈی بی کے 200 ملین سے زیادہ ماہانہ وزیٹرس کے حقیقی پیج ویوز پر مبنی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔