’میں ابھی زندہ ہوں!‘ رضا مراد کی موت کی جھوٹی خبر پر برہمی، پولیس میں شکایت
بالی ووڈ کے معروف اداکار رضا مراد نے اپنی موت کی جھوٹی خبر پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ اداکار نے کہا، ’میں ابھی زندہ ہوں اور صحت مند ہوں‘

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اور رعبدار آواز والے اداکار رضا مراد ان دنوں اپنی موت کی جھوٹی خبر پر چرچے میں ہیں۔ جمعہ کو سوشل میڈیا پر ان کی وفات سے متعلق ایک فیک پوسٹ تیزی سے وائرل ہوئی جس نے نہ صرف ان کے مداحوں کو پریشان کر دیا بلکہ خود رضا مراد اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا۔ اس واقعہ سے ناراض ہو کر انہوں نے ممبئی کے امبولی پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔
رضا مراد نے ایک ویڈیو اور بیان کے ذریعے واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور حیات ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں ابھی زندہ ہوں اور صحت مند ہوں۔ بار بار یہ بتاتے بتاتے میرا گلا، زبان اور ہونٹ سوکھ گئے ہیں۔ ہر جگہ یہ جھوٹی خبر پھیل گئی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے ان کے پاس فون کالز اور پیغامات آ رہے ہیں۔ مداح اور دوست ان پوسٹس کے اسکرین شاٹ بھیج رہے ہیں اور ان کی خیریت دریافت کر رہے ہیں۔
اداکار نے ایسی افواہیں پھیلانے والوں پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’یہ انتہائی شرمناک حرکت ہے۔ یہ کام وہی لوگ کرتے ہیں جو اپنی زندگی میں کچھ نہیں کر پاتے اور سستی شہرت کے لیے ایسی گھٹیا حرکتیں کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے پولیس سے اپیل کی کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اور شخص اس طرح کی حرکت کرنے سے پہلے سو بار سوچے۔
پولیس نے ان کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سائبر سیل کی مدد حاصل کر لی ہے۔ ابتدائی جانچ کے مطابق، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس فیک پوسٹ کو شیئر کرنے والے افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف تعزیراتِ ہند اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
رضا مراد نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں کئی بار ایسی افواہوں کا شکار ہو چکے ہیں لیکن اس بار معاملہ حد سے بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’میں بار بار صفائی دیتے دیتے تھک گیا ہوں۔ یہ نہ صرف میرے لیے بلکہ میرے خاندان اور چاہنے والوں کے لیے بھی اذیت کا سبب ہے۔‘‘
’’قابل ذکر ہے کہ رضا مراد کا تعلق اترپردیش کے رامپور سے ہے، وہ 250 سے زائد فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ رضا مراد نے نہ صرف ہندی سینما بلکہ بھوجپوری، پنجابی اور دیگر زبانوں کی فلموں اور ہندی ٹی وی سیریلز میں بھی کام کیا ہے۔ ان کے نمایاں کرداروں میں ’پریم روگ‘، ’حنا‘ اور ’رام تیری گنگا میلی‘ کے علاوہ ’خوددار‘، ’رام لکھن‘، ’تری دیو‘، ’پیار کا مندر‘، ’آنکھیں‘، ’مہرہ‘ اور ’گپت’ شامل ہیں۔ 1993 کی فلم ’ایک ہی راستہ‘ میں انہوں نے اجے دیوگن کے ساتھ کام کیا۔ ان کی حالیہ فلموں میں ’پدماوت‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’جودھا اکبر‘ شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔