اسلام کے بارے میں جانتی ہوں کیونکہ میرے والد مسجد جایا کرتے تھے: پرینکا چوپڑا

امریکہ کی مشہور ٹی وی اینکر اوپرا ونفرے نے پرینکا چوپڑا کا ایک انٹرویو لیا ہے، جو چند دنوں میں نشر ہونے والا ہے، لیکن اس سے پہلے اس انٹرویو کے کچھ حصے وائرل ہو رہے ہیں۔

پرینکا چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس
پرینکا چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور ہالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی کر چکی پرینکا چوپڑا نے اسلام سے اپنی واقفیت کے بارے میں ایک انٹرویو کے دوران جانکاری دی۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’میرے والد مسجد میں گلوکاری کے لیے جایا کرتے تھے، اس لیے مجھے اسلام کے بارے میں کئی باتیں معلوم ہیں۔‘‘ یہ بیان پرینکا چوپڑا نے امریکہ کی مشہور ٹی وی اینکر اوپرا ونفرے کے ساتھ انٹرویو کے دوران دیا۔

دراصل اوپرا ونفرے نے پرینکا چوپڑا کا جو انٹرویو لیا ہے، وہ چند دنوں میں نشر ہونے والا ہے، لیکن اس سے پہلے اس انٹرویو کے کچھ حصے وائرل ہو رہے ہیں۔ اس میں پرینکا چوپڑا بتاتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ہندوستان میں بچوں کی پرورش کس طرح ہوتی ہے اور مذہبی نظریات و جمہوری قدروں کا ان پر کس طرح اثر پڑتا ہے۔


پرینکا چوپڑا اپنے بچپن کے بارے میں بتاتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کی زندگی پر ہندو، مسلم اور عیسائی، تینوں مذاہب کا اثر رہا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ہندو ہیں اور ہندو مذہب کے مطابق اپنے گھر کے مندر میں پوجا کرتی ہیں، لیکن ساتھ ہی وہ کانوینٹ میں پڑھی ہیں جہاں عیسائیوں والی دعا ہوتی تھی۔ علاوہ ازیں پرینکا چوپڑا نے یہ بھی بتایا کہ چونکہ ان کے والد مسجد میں گانے جایا کرتے تھے، اس لیے انھیں اسلام کے بارے میں بھی پتہ ہے۔

پرینکا چوپڑا کو انٹرویو کے دوران یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ ان کے آنجہانی والد اشوک چوپڑا نے ہمیشہ انھیں سکھایا ہے کہ سبھی مذاہب کا راستہ ایک ہی ایشور تک جاتا ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ ’’میں ہندو ہوں۔ میں پوجا کرتی ہوں۔ میرے گھر پر ایک مندر ہے۔ لیکن میں یقین کرتی ہوں کہ بڑی طاقت ہے اور میں اس پر یقین کرنا چاہتی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔