سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے 47 سال کی ہوئیں

سال 2010 میں فلم گزارش میں کام کرنے کے بعد ایشوریہ رائے فلم انڈسٹری سے دور ہوگئیں۔ پھر انہوں نے سال 2015 میں فلم جذبہ سے انڈسٹری میں واپسی کی۔

ایشوریہ اور ابھیشیک بچن، تصویر انسٹا گرام
ایشوریہ اور ابھیشیک بچن، تصویر انسٹا گرام
user

یو این آئی

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریہ رائے بچن آج 47 سال کی ہوگئی ہیں۔ ایشوریہ رائے بچن کی پیدائش یکم نومبر 1973 کو منگلورمیں ہوئی۔ کچھ عرصے بعدان کا خاندان ممبئی آگیا۔ بچپن میں ان کا رجحان آرکیٹیکٹ بننے کی جانب تھا لیکن بعد میں ان کی دلچسپی ماڈلنگ کی طرف ہوگئی۔ ایشوریہ رائے کا بالی ووڈ کی ان خاص اداکاروں میں شمار ہوتا ہے جنہوں نے فلموں میں ہیروئن کو بین الاقوامی سطح پر بھی ایک خصوصی پہنچان دلائی۔

سال 1994 میں ایشوریہ رائے نے مس انڈیا مقابلہ میں حصہ لیا جہاں انہیں مس انڈیا کے خطاب سے نوازا گیا۔ مس ورلڈ مقابلہ میں ہندستان کا پرچم پوری دنیا میں لہراتے ہوئے ریتا فاریہ کے بعد مس ورلڈ کا خطاب جیتنے والی دوسری ہندوستانی حسینہ بنیں۔ اس مقابلہ میں انہیں فوٹو جینک کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد ایشوریہ رائے نے سماجی فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور اس دوران انہیں کئی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ سال 1997 میں ایشوریہ رائے نے اپنے فلمی کیرئر کی شروعات تمل فلم ایروارسے کی۔ اسی برس انہوں نے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا اور بابی دیول کے ساتھ اور پیار ہوگیا میں کام کیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔ اس کے بعد 1998 میں ایشوریہ رائے نے ایس شنکر کی تمل فلم جینس میں کام کیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ایشوریہ رائے فلم انڈسٹری میں کچھ حد تک اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔


سال 1999 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ہم دے چکے صنم‘ ایشوریہ کے سنی کریئر کی اہم فلم ثابت ہوئی۔ سلمان خان اور اجے دیوگن جیسے منجھے ہوئے ستاروں کی موجودگی میں بھی ایشوریہ نے فلم میں نندنی کے کردار کو انتہائی بہترین طور پر ادا کیا۔ اس فلم کے لئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی سال ایشوریہ کو سبھاش گھئی کی فلم تال میں کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم میں ایشوریہ نے ایک گاؤں کی لڑکی کا کردار ادا کیا جو پاپ سنگر بننے کا خواب دیکھا کرتی ہے۔ اس فلم نے خاص کر امریکہ میں ٹاپ ٹوئنٹی فلموں میں اپنا نام درج کرایا۔ فلم میں اپنے شاندار کردار کے لئے وہ بہترین اداکارہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی گئیں۔

سال 2000 ایشوریہ رائے کے لئے بہت اہم ثابت ہوا۔ اس سالا ان کی فلم جوش ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے شاہ رخ خان کی بہن کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ہمارا دل آپ کے پاس ہے اور محبتیں جیسی کامیاب فلمیں ریلیز ہوئیں۔ سال 2002 میں ایشوریہ رائے کو شرت چندر چٹوپادھیائے کے مشہور ناول دیوداس پر بنی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ایشوریہ نے پارو کا کردار ادا کیا جسے بے حد پسند کیا گیا۔ اس فلم کے لئے دوسری مرتبہ بہترین اداکارہ کے طور پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔


سال 2003 میں ایشوریہ رائے نے فلم ڈائریکشن کے شعبے میں قدم رکھا اور فلم دل کا رشتہ بنائی لیکن یہ فلم کامیاب نہیں ہوسکی۔ فلم خاکی میں سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ایشوریہ نے اپنے فلمی کیرئر میں منفی کردار ادا کیا جسے فلمی مداحوں نے پسند کیا۔ سال 2004 ایشوریہ رائے کے لئے کامیابیوں والا سال ثابت ہوا۔ اسی سال امریکہ کے میڈم تساد میوزیم میں ان کا مومی پتلا لگایا گیا اور یہی نہیں اسی برس امریکہ کی مشہور میگزین ٹائمس میں سو با اثرشخصیات میں ایشوریہ رائے کا نام شامل کیا گیا۔

سال 2006 میں ایشوریہ رائے نے دھوم کے سیکوئل دھوم -2 میں کام کیا۔ اس فلم میں ایک مرتبہ پھر انہوں منفی کردار ادا کیا جسے ناظرین نے بہت پسند کیا۔ سال 2009 میں فلم انڈسٹری میں ایشوریہ رائے کی بہترین خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ابھیشیک بچن سے شادی کے بعد ایشوریہ نے فلموں میں کام کرنا بہت کم کر دیا۔ سال 2010 میں فلم گزارش میں کام کرنے کے بعد ایشوریہ رائے فلم انڈسٹری سے دور ہوگئیں۔ پھر انہوں نے سال 2015 میں فلم جذبہ سے انڈسٹری میں واپسی کی۔ ان کی گزشتہ برس فلم سربجیت اور اے دل ہے مشکل ریلیز ہوئیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں پھننے خان اہم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔