ونچ فلم فیسٹیول: ممبئی میں پہلی بار لگا ڈراؤنی فلموں کا میلہ، 23 فلموں کو تین کیٹگری میں کیا گیا تقسیم
ڈراؤنی فلموں کا یہ میلہ ممبئی کے حرکت اسٹوڈیو اور ویدا فیکٹری میں 10 مارچ سے 20 مارچ تک منعقد کیا گیا، فیسٹیول میں شامل کچھ فلموں کی ورچوئل اسکریننگ اور کچھ فلموں کی فیزیکل اسکریننگ رکھی گئی تھی۔
فلم فیسٹیول کے دوران فلموں کی نمائش ایک عام بات ہے، لیکن کیا آپ نے کبھی ہارر فلموں یعنی ڈراؤنی فلموں کے فیسٹیول میں شرکت کی ہے؟ ونچ فلم فیسٹیول کے تحت ممبئی میں پہلی بار ’ہارر فلم فیسٹیول‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک اور بیرون ممالک کی 23 ڈراؤنی فلموں کو تین کیٹگری میں تقسیم کر شامل کیا گیا۔ ہر ایک کیٹگری سے ایک بہترین فلم کا انتخاب کیا گیا اور ان فلموں نے ناظرین کے رونگٹے کھڑے کر دیئے۔
دراصل ونچ فیسٹیول کے تحت منعقد ڈراؤنی فلموں کے میلہ میں تین کیٹگری کی شارٹ فلمیں شامل تھیں۔ پہلی کیٹگری بلڈ تھرسٹی میں 40 منٹ سے زیادہ مدت والی فلمیں شامل کی گئیں، جبکہ دوسری کیٹگری ایلوس میں 10 منٹ کی 7 فلمیں شامل تھیں۔ تیسری کیٹگری ڈوارفس تھی جس میں 10 منٹ سے 40 منٹ کی 12 شارٹس فلمیں شامل کی گئیں۔ اس دوران ’تمباڈ‘ کی اسپیشل اسکریننگ بھی رکھی گئی تھی۔
ہارر فلم فیسٹیول کا آغاز مشیل گرجا سیرور کی فلم ’ہیوسیرا: دی بون وومن‘ سے ہوا اور اختتام ایلس ویڈنگ کی فلم ’دی نائٹمیئر‘ سے ہوا۔ بلڈ تھرسٹی کیٹگری میں 40 منٹ سے زیادہ مدت والی چار فلموں کو شامل کیا گیا تھا جس میں 53 منٹ کی ہسپانوی زبان میں بنی فلم ’ہیوسیرا: دی بون وومن‘، دوسری فلم ’دی نائٹمیئر‘، تیسری 53 منٹ کی جرمن فلم ’رپچر‘ اور چوتھی ایک گھنٹہ 10 منٹ کی انگریزی فلم ’ہنی کامب‘ شامل تھی۔ ان چاروں فلموں میں سے مشیل گرجا سیرور کی ہدایت میں بنی فلم ’ہیوسیرا: دی بون وومن‘ کو بہترین فلم منتخب کیا گیا۔
ایلوس کیٹگری میں 10 منٹ کی مدت والی جو 7 شارٹ فلمیں شامل کی گئیں ان میں 7 منٹ کی ملیالم فلم ’کالی راٹھی‘، 9 منٹ کی انگریزی فلم ’نٹ وَن اسٹیب ٹو‘، 5 منٹ کی انگریزی فلم ’وولف وہیسل‘، 6 منٹ کی انگریزی فلم ’ہیکسیٹک فیز‘، 8 منٹ کی انگریزی فلم ’سکر‘، 5 منٹ کی شارٹ فلم ’فیوریا‘ اور 7 منٹ کی انگریزی فلم ’اِٹ ٹیکس اے ولیج‘ شامل تھیں۔ اس کیٹگری میں ایلسن پیرسے کی شارٹ فلم ’نِٹ وَن اسٹیب ٹو‘ کو بہترین فلم منتخب کیا گیا۔
تیسری کیٹگری یعنی ڈوارفس میں 10 منٹ سے 40 منٹ کی جو 12 شارٹ فلمیں شامل کی گئیں وہ تھیں 16 منٹ کی انگریزی اور ہسپانوی زبان کی فلم ’دی سافٹ بوائے‘، 23 منٹ کی بنگالی فلم ’آلو/دی لائٹ‘، 21 منٹ کی انگریزی فلم ’تھری ویز ٹو ڈائن ویل‘، 34 منٹ کی ’لالنّاس سانگ‘، 15.34 منٹ کی ہندی فلم ’دی ایسٹروناٹ اینڈ ہز پیریٹ‘، 14 منٹ کی کوریائی فلم ’ابنارمل پرائم ٹائم‘، 17 منٹ کی پولش فلم ’گروئنگ‘ وغیرہ۔ اس کیٹگری میں ڈائریکٹر اگاتا ویجوریک کی فلم ’گروئنگ‘ کو بہترین فلم منتخب کیا گیا۔
ڈراؤنی فلموں کا یہ میلہ ممبئی کے حرکت اسٹوڈیو اور ویدا فیکٹری میں 10 مارچ سے 20 مارچ تک منعقد کیا گیا جس میں اس فیسٹیول میں شامل سبھی 23 فلموں میں سے کچھ فلموں کی ورچوئل اسکریننگ اور کچھ فلموں کی فیزیکل اسکریننگ رکھی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔