اکشے کمار کو فیروز ناڈیاڈوالا نے دیا زوردار جھٹکا، ’ہیرا پھیری 3‘ کے بعد دو مزید فلموں کے سیکوئل سے چھٹی!

’ہیرا پھیری 3‘ پر اکشے کا یہ بیان کہ انھیں اسکرپٹ پسند نہیں آئی، اس سے ناڈیاڈوالا مایوس ہیں، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے ’آوارہ پاگل دیوانہ 2‘ اور ’ویلکم 3‘ بھی اکشے کے بغیر ہی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اکشے کمار، تصویر یو این آئی
اکشے کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ابھی ’ہیرا پھیری 3‘ کے سیکوئل سے اداکار اکشے کمار کے الگ ہونے کا معاملہ سرخیوں میں ہے ہی، اور ان کی مزید دو بڑی فلموں کے سیکوئل سے ہٹائے جانے کی خبریں سامنے آ گئی ہیں۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پریش راول نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ’ہیرا پھیری 3‘ میں کارتک آرین نظر آئیں گے۔ اس خبر سے ہر طرف ہنگامہ برپا ہو گیا تھا۔

بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اکشے کمار ’ہیرا پھیری 3‘ کے لیے 90 کروڑ روپے کی فیس اور فلم کی پرافٹ میں حصہ مانگ رہے تھے، جبکہ کارتک آرین اس فلم کے لیے صرف 30 کروڑ روپے میں تیار ہو گئے۔ یہی وجہ ہے کہ اکشے کمار کو اس فلم سے ہاتھ دھونا پڑا۔ حالانکہ اس بارے میں اکشے کمار نے کہا تھا کہ فلم کی اسکرپٹ انھیں اچھی نہیں لگی، اس لیے اپنے ہاتھ پیچھے کھینچ لیے۔


اب اکشے کمار کا یہی بیان ان کے لیے مشکلات کھڑی کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’ہیرا پھیری 3‘ کو لے کر اکشے کمار کا یہ بیان کہ انھیں اسکرپٹ پسند نہیں آئی، اس سے فیروز ناڈیاڈوالا مایوس ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے ’آوارہ پاگل دیوانہ 2‘ اور ’ویلکم 3‘ بھی اکشے کمار کے بغیر ہی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حالانکہ اس بارے میں ابھی تک کوئی آفیشیل جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ لیکن اگر اس خبر میں سچائی ہے تو یہ واقعی اکشے کمار کے لیے زوردار جھٹکا ہے۔ اور دیکھنے والی بات یہ بھی ہوگی کہ ’آوارہ پاگل دیوانہ 2‘ اور ’ویلکم 3‘ میں اکشے کمار کی جگہ کون اداکار لے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔