’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے معروف فلمساز راج کمار بڑجاتیہ چل بسے

راج شری فلمز کی فلموں میں پریم رتن دھن پایو (2015)، ہم ساتھ ساتھ ہیں (1999)، ہم آپ کے ہیں کون (1994) اور میں نے پیار کیا (1989) شامل ہیں جو بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلمیں کہی جا سکتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: راج شری فلمز سے وابستہ معروف فلمساز اور سورج بڑجاٹیہ کے والد راج کمار بڑجاٹیہ کا ممبئی میں انتقال ہوگیا ہے۔ یہ خبر سب سے پہلے راجشری فلم کے ٹوئٹر ہینڈل پر خبر نشر کی گئی۔ 75 سالہ راج کمار بڑجاتیہ دورہ قلب کے بعدایچ این ریلائنس فاونڈیشن اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیٹا سورج اور اہلیہ سدھا شامل ہیں۔

راج کمار بڑجاتیہ نے ہندی فلم صنعت کو متعدد کامیاب اور ہٹ فلمیں دی ہیں۔ راج کمار بڑجاتیہ کو ان کے والد تارا چند بڑجاتیہ سے وراثت میں راج شری فلمز کمپنی ملی اور پھر ان کا بیٹا سورج ان کا وارث بن گیا۔

راج شری فلمز کی حالیہ دورمیں پریم رتن دھن پایو (2015)، ہم ساتھ ساتھ ہیں (1999)، ہم آپ کے ہیں کون (1994) اور میں نے پیار کیا (1989) شامل ہیں جوکہ ہندی فلمی دنیا کی کامیاب ترین فلمیں کہی جا سکتی ہیں۔

راج کمار بڑجاٹیہ کی موت سے ہندی فلمی دنیا میں صدمہ کا ماحول ہے۔ فلم کے تبصرہ نگار ترن آدرش نے کہا کہ ان کی موت سے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ راج کمار بڑجاتیہ فلمی دنیا کے نرم گو انسان تھے۔ انہوں نے راجشری اور بڑجاٹیہ خاندان کو تعزیت پیش کی۔

راجشری پروڈکشنز ہاؤس کے چیئرمین کی حیثیت سے راج کمار بڑجاتیہ نے متعدد ہٹ فلمیں دیں۔ ان سبھی فلموں میں مشترکہ خاندان کا تصورپیش کیا گیا تھا۔ معروف اداکارہ مادھوری دیکشت نے بڑجاٹیہ کی مشہور زمانہ فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ میں اہم رول اداکیا تھا۔ راج کمار بڑجاتیہ کی موت پر ٹوئیٹ کر کے مادھوری نے تعزیت پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

مادھوری نے کہا کہ ان کے فلمی کیرئر میں راج کمار بڑجاتیہ نے اہم رول اداکیا ہے اور ان کی رہنمائی میں انہوں نے ترقی کی منزلیں طے کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔