دلیپ کمار کے 100ویں یومِ پیدائش پر فلم فیسٹیول کا اعلان، 20 شہروں میں دکھائی جائیں گی ’دیواداس‘ اور ’شکتی‘ جیسی کئی فلموں

دلیپ کمار کی بیگم سائرہ نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ دلیپ صاحب کا 100واں یوم پیدائش اس طرح منایا جا رہا ہے، فیسٹیول کے لیے ’دلیپ کمار ہیروز آف ہیرو‘ سے بہتر ٹائٹل نہیں ہو سکتا۔

دلیپ کمار/ ٹوئٹر
دلیپ کمار/ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

آئندہ 11 دسمبر کو شہنشاہِ جذبات کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار دلیپ کمار کی پیدائش کو 100 سال مکمل ہو جائیں گے۔ اس موقع پر فلمساز شیویندر سنگھ ڈونگرپور کےذریعہ قائم ’فلم ہیریٹج فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے فلم فیسٹیول کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت مرحوم محمد یوسف خان عرف اداکار دلیپ کمار کی کئی شاندار فلموں کو ایک بار پھر سے سنیماگھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

فلم ہیریٹج فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں دلیپ کمار کی 100ویں سالگرہ پر ’دلیپ کمار ہیروز آف ہیرو‘ نام سے جشن منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ جشن 10 اور 11 دسمبر کو منایا جائے گا اور اس کے لیے ملٹی پلیکس چین پی وی آر سنیما کے ساتھ شراکت داری بھی کی گئی ہے۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ اس فلم فیسٹیول کے تحت 20 شہروں کے تقریباً 30 پی وی آر سنیماگھروں میں دلیپ کمار کی ایسی فلمیں ریلیز کی جائیں گی جو فلمی ناقدین کے ذریعہ تعریف حاصل کر چکی ہیں۔ ایسی فلموں میں دیوداس، رام اور شیام، شکتی، آن وغیرہ شامل ہیں۔


فلم ہیریٹج فاؤنڈیشن کے بانی شیویندر سنگھ ڈونگرپور کا کہنا ہے کہ ’’یہ جشن ہندوستانی سنیما کے عظیم اداکاروں میں سے ایک کو پردے پر واپس لانے کا ایک خاص موقع ہے۔ وہ واقعی ہیروز کے ہیرو ہیں، کیونکہ آج بھی وہ ایک ایسے اداکار ہیں جنھیں بڑے ستارے دیکھتے ہیں۔ فلم ہیریٹج فاؤنڈیشن اس حصولیابی کے جشن کو منانے کے لیے سنیماگھروں میں پہنچنا چاہتی ہے، اور اس سے بہتر طریقہ کوئی دوسرا طریقہ نہیں ہو سکتا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’فلمیں تقریباً 70 سال پہلے ریلیز ہوئی تھیں، لیکن دلیپ کمار کی کارکردگی، ان کے کام کرنے کا طریقہ اور ایک اداکار کی شکل میں ان کا انداز آج بھی سحر طاری کرنے والا ہے۔‘‘

بہرحال، دلیپ کمار کے 100ویں یومِ پیدائش پر فلم فیسٹیول کی خبر سے ان کی بیگم سائرہ بانو بہت خوش نظر آ رہی ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ دلیپ صاحب کا 100واں یومِ پیدائش اس طرح منایا جا رہا ہے۔ فیسٹیول منانے کے لیے ’دلیپ کمار ہیروز آف ہیرو‘ سے بہتر ٹائٹل نہیں ہو سکتا۔ وہ میرے پسندیدہ ہیرو تھے، جب میں نے انھیں فلم ’آن‘ میں دیکھا تھا تو 12 سال کی تھی۔ ایک بار پھر سے انھیں پردے پر دیکھنا خوشی کی بات ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔