فرحان اختر کے کارڈ سے 12 لاکھ کی دھوکہ دہی، ڈرائیور اور پٹرول پمپ کا ملازم گرفتار

فرحان اختر اور ان کی والدہ ہنی ایرانی کے ڈرائیور نے پٹرول کے بہانے کارڈ سے رقم نکالی اور پمپ ملازم کے ساتھ مل کر 12 لاکھ کی دھوکہ دہی کی۔ پولیس نے دونوں پر مقدمہ درج کر تفتیش شروع کر دی

<div class="paragraphs"><p>بالی ووڈ اداکار فرحان اختر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: بالی ووڈ اداکار فرحان اختر اور ان کی والدہ ہنی ایرانی کے ساتھ ایک سنگین مالی دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، گھر کے ڈرائیور نے فرحان اختر کے نام پر جاری کریڈٹ کارڈ کا غلط استعمال کیا اور پٹرول پمپ کے ایک ملازم کے ساتھ سازباز کر کے تقریباً 12 لاکھ روپے کی ہیرا پھیری کی۔ اس سلسلے میں باندرہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ہنی ایرانی کی مینیجر دویا بھاٹیا نے شکایت درج کرائی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ڈرائیور نریش سنگھ (35) اور پمپ ملازم ارون سنگھ (52) ایک منظم طریقے سے یہ فراڈ کر رہے تھے۔ ڈرائیور گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کے بہانے پمپ پر جاتا، کارڈ سوائپ کرتا لیکن گاڑی میں ایندھن ڈلوایا ہی نہیں جاتا تھا۔ اس کے بعد پمپ ملازم کی مدد سے وہ رقم کیش میں لے لیتا اور ملازم کو بھی کمیشن دیتا۔

تحقیقات میں پتہ چلا کہ ہنی ایرانی کی کار کی فیول ٹینک کی صلاحیت صرف 35 لیٹر تھی لیکن بل میں 62 لیٹر تک پٹرول یا ڈیزل دکھایا جاتا۔ یہی نہیں، پچھلے کچھ مہینوں میں ایسی بے شمار مشکوک انٹریز سامنے آئیں۔ دویا بھاٹیا کو شبہ تب ہوا جب حساب کتاب میں فرق دکھائی دویا اور ایک رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ 35 لیٹر کے ٹینک والی گاڑی کے نام پر 621 لیٹر ایندھن کا اندراج موجود ہے۔

پولیس نے بتایا کہ نریش سنگھ نے پوچھ گچھ کے دوران قبول کیا ہے کہ وہ یہ دھوکہ دہی 2022 سے کر رہا تھا۔ اس نے اعتراف کیا کہ فرحان کے سابق ڈرائیور سنتوش کمار سے اسے یہ کارڈ ملے تھے۔ شروع میں وہ چھوٹی رقوم نکالتا تھا لیکن بعد میں یہ سلسلہ روزانہ 1000 سے 1500 روپے تک پہنچ گیا۔ پمپ ملازم ارون سنگھ باقاعدگی سے اسے رقم دیتا اور اس میں سے اپنا حصہ رکھ لیتا۔


مزید تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ نریش نے صرف ایک نہیں بلکہ تین مختلف کریڈٹ کارڈز استعمال کیے، جو سب فرحان اختر کے نام پر جاری ہوئے تھے۔ ایک موقع پر یہ بھی پتہ چلا کہ اس نے ایسی گاڑی کا آئل بھی خریدا جو 7 سال پہلے بیچ دی گئی تھی۔ یہ تمام شواہد سامنے آنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی اور دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس نے دونوں پر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 318 (امانت میں خیانت)، 418 (دھوکہ دہی) اور 3(5) کے تحت مقدمہ قائم کیا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ آیا اس فراڈ میں کوئی اور بھی شامل تھا یا نہیں۔ ساتھ ہی، فراڈ کے ذریعے نکالی گئی رقم کی برآمدگی کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ ہنی ایرانی مشہور گیت کار و اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر کی پہلی بیوی ہیں۔ دونوں کا 1985 میں طلاق ہو گیا تھا، جس کے بعد جاوید اختر نے اداکارہ شبانہ اعظمی سے شادی کر لی تھی۔ اس کے باوجود فرحان اختر اور شبانہ اعظمی کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ ادھر فرحان اختر اپنے فلمی پروجیکٹس میں مصروف ہیں۔ ان کی نئی فلم ’120 بہادر‘ کا پوسٹر اور ٹریلر حال ہی میں جاری ہوا ہے۔ یہ فلم 1962 کی ہند-چین جنگ پر مبنی ہے اور 21 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔