بی جے پی لیڈر کے بیان سے فرحان اختر برہم

ایک طرف فلم ’مرسل‘ کی زبردست کمائی جاری ہے اور دوسری طرف اس میں موجود نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے متعلق ڈائیلاگ کا تنازعہ بھی اپنے عروج پر ہے۔ اس سلسلے میں بالی ووڈ کے مشہور اداکار و ہدایت کار فرحان اختر کا ٹوئٹ بھی موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ فرحان اختر نے اپنے ٹوئٹ میں بی جے پی کے قومی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ پر اس بات کے لیے ناراضگی ظاہر کی ہے کہ انھوں نے اداکاروں کو بے وقوف کیسے کہہ دیا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’’آپ کی ہمت کیسے ہوئی یہ کہنے کی کہ فلموں میں کام کرنے والے لوگوں کی عقل کم ہوتی ہے۔‘‘
دراصل بی جے پی کے قومی ترجمان نرسمہا راؤ نے گزشتہ دن ’ٹائمز ناؤ‘ چینل کے ایک پروگرام میں کہہ دیا تھا کہ ’’ہمارے زیادہ تر فلم اداکار علم میں کمزور ہوتے ہیں۔‘‘نرسمہا راؤ کی یہ بات فرحان اختر کو اس قدر ناگوار گزری کہ انھوں نے فوراًانھیں ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ کر دیا اور ساتھ ہی دیگر فلم اداکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اور جو اس فلم انڈسٹری سے جڑے ہیں، یہاں دیکھیے یہ آپ کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔‘‘
نرسمہا راؤ کے بیان کی کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے بھی تنقید کی ہے۔ انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں اس سلسلے میں کہا کہ ’’اگر کوئی شخص فلم اداکاروں کو کم علم قرار دیتا ہے تو ضرور وہ خود کم علم ہے۔‘‘ واضح رہے کہ بی جے پی فلم ’مرسل‘ ریلیز ہونے کے بعد سے ہی اس کی مخالفت میں کھڑی نظر آ رہی ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ فلم میں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو منفی طرح سے دکھایا گیا ہے اور اس سے متعلق غلط جانکاری دی گئی۔ فلم میں بتایا گیا ہے کہ حکومت جی ایس ٹی لے رہی ہے لیکن لوگوں کو اس کے بدلے کوئی بھی سہولت نہیں مل رہی ہے۔ فلم کے اسی حصہ سے بی جے پی کو اعتراض ہے۔ معاملہ طول پکڑنے کے بعد کمال حسن اور رجنی کانت جیسے معروف اداکاروں نے بی جے پی کے اعتراض کو غلط ٹھہرایا اور فلموں پر کسی طرح کی بندش نہ لگانے کی اپیل کی۔ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے بھی اس سلسلے میں کہا کہ ’’فلم اداکاروں کی تعمیری سوچ میں کسی طرح کی دخل اندازی کرنا مناسب نہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔