منوج کمار کی آخری رسومات ادا، الوداع کے لیے پہنچے متعدد ستارے

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار منوج کمار کو ممبئی میں آخری الوداع کہا گیا۔ امیتابھ بچن، راج ببر، پریم چوپڑا سمیت کئی شخصیات نے شرکت کی۔ انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار منوج کمار کی آخری رسومات ہفتے کے روز 5 اپریل کو ممبئی کے وِلے پارلے شمشان گھاٹ میں ادا کر دی گئیں۔ ان کے آخری دیدار کے لیے فلمی دنیا کی کئی بڑی شخصیات موجود تھیں۔ امیتابھ بچن، ان کے بیٹے ابھیشیک بچن، راج ببر، پریم چوپڑا، رضا مراد، سلیم خان، ارباز خان، سائرہ بانو اور رنجیت سمیت متعدد فنکاروں نے آخری رسومات میں شرکت کی اور ان کو آخری سلام پیش کیا۔

منوج کمار کا انتقال جمعہ 4 اپریل کو ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں ہوا۔ وہ 87 برس کے تھے اور طویل عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔ ان کی موت پر فلمی دنیا، سیاسی رہنماؤں اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور اداکار شاہ رخ خان سمیت کئی اہم شخصیات نے سوشل میڈیا پر منوج کمار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


منوج کمار کے آخری دیدار کے لیے ان کے گھر پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کی بڑی تصویر سے سجی ایک گاڑی میں ان کا جسد خاکی صبح اسپتال سے ان کے جوہو واقع رہائش گاہ لایا گیا۔ بعد ازاں تقریباً 11:30 بجے ان کے اہلِ خانہ انہیں لے کر شمشان گھاٹ پہنچے، جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

منوج کمار کا اصل نام ہرکرشن گِری گوسوامی تھا۔ ان کا جنم 24 جولائی 1937 کو ایبٹ آباد (موجودہ پاکستان) میں ہوا تھا۔ تقسیم کے وقت ان کا خاندان دہلی منتقل ہو گیا۔ انہوں نے دلیپ کمار کی فلم ’شبنم‘ کے کردار ’منوج کمار‘ سے متاثر ہو کر یہی نام فلمی دنیا کے لیے چنا۔ 1957 میں فلم ’فیشن‘ سے اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والے منوج کمار کو فلم ’شہید‘ (1965) سے بڑی شہرت ملی۔

فلم ’اپکار‘ میں ان کا کردار اور اس کا گانا ’میرے دیش کی دھرتی‘ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ اس فلم کے لیے انہیں قومی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ ’اپکار‘، ’پورب اور پچھم‘، ’روٹی کپڑا اور مکان‘، ’نصیب‘، ’نیل کمل‘ جیسی کئی فلمیں ان کے کریئر کا اہم حصہ بنیں۔ انہیں ’بھارت کمار‘ کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا تھا۔

1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میدانِ جنگ‘ کے بعد انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی۔ 1999 میں انہوں نے اپنے بیٹے کنال گوسوامی کو فلم ’جے ہند‘ میں لانچ کیا، تاہم یہ فلم ناکام رہی۔ ان کی فلمی خدمات پر انہیں پدم شری، قومی فلم ایوارڈ اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ منوج کمار نہ صرف اداکاری بلکہ اپنی فلموں کے ذریعے ملک سے محبت کے جذبے کو پردۂ اسکرین پر اجاگر کرنے کے لیے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔