مشہور کامیڈی اداکار ستیش شاہ نے بھی دنیائے فانی کو کہا الوداع، 74 سال کی عمر میں لی آخری سانس

ستیش شاہ نے ہندوستانی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنا ایک خاص مقام بنایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کا انتقال گردہ فیل ہونے کی وجہ سے ہوا۔ درد محسوس ہونے کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>ستیش شاہ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

رواں ماہ اسرانی اور پنکج دھیر سمیت دنیائے تفریح کی کئی معروف شخصیات ابدی نیند سو گئے۔ آج مزید ایک معروف فلمی ہستی نے اپنی آنکھیں ہمیشہ کے لیے بند کر لیں۔ بالی ووڈ اور ٹیلی ویژن کی دنیا کے لیے یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے کہ مشہور کامیڈی اداکار ستیش شاہ کا 74 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے ممبئی کے ایک اسپتال میں اپنی آخری سانس لی۔

موصولہ اطلاع کے مطابق ستیش شاہ طویل عرصہ سے گردوں کی سنگین بیماری میں مبتلا تھے، اور گردہ فیل ہونے کے باعث ہی ان کا انتقال ہو۔ مشہور پروڈیوسر اور آئی ایف ٹی ڈی اے چیف اشوک پنڈت نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ اشوک پنڈت نے کہا کہ ’’جی ہاں، ستیش شاہ اب نہیں رہے۔ وہ میرے اچھے دوست تھے۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ اچانک انہیں درد محسوس ہوا اور طبیعت بگڑ گئی تھی۔ اس کے بعد انہیں دادر میں شیو اجی پارک واقع ہندو جا اسپتال لے جایا گیا، جہاں آج ان کا انتقال ہو گیا۔


ستیش شاہ کا دنیا سے جانا انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کا جسد خاکی باندرہ کے کلمویر علاقہ میں واقع ان کے گھر لایا جائے گا اور کل، یعنی 26 اکتوبر کو ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ ستیش شاہ ہندوستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے ایک معروف اداکار تھے، جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری اور بے مثال مزاحیہ انداز سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنائی۔ انہوں نے نہ صرف ٹی وی پر بلکہ فلموں میں بھی اپنی کامیڈی اور فنکاری سے لوگوں کو متاثر کیا۔

ستیش شاہ کی پیدائش 25 جون 1951 کو ممبئی میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی تعلیم سینٹ زیویئرس کالج، ممبئی سے مکمل کی اور پھر ایف ٹی آئی آئی (فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا) سے اداکاری کی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 کی دہائی میں فلموں سے کیا، لیکن انہیں اصل شہرت ٹی وی شو ’یہ جو ہے زندگی‘ سے ملی، جس میں انہوں نے ہر قسط میں ایک نیا کردار نبھایا تھا۔


بالی ووڈ میں ستیش شاہ نے کئی یادگار فلموں میں اپنی موجودگی درج کرائی، جن میں ’میں نے پیار کیا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’کل ہو نہ ہو‘، ’اوم شانتی اوم‘ اور ’ستیمیو جیتے‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔ ان فلموں میں ادا کیے گئے ان کے کردار آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔