پھر غم میں ڈوبا بالی ووڈ، ’سرفروش‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے مشہور اداکار سنیل شینڈے کا 75 سال کی عمر میں انتقال

سنیل شینڈے 90 کی دہائی کے بہترین اداکار رہے ہیں، انھوں نے شاہ رخ خان کے مشہور ٹی وی شو ’سرکس‘ میں بھی کام کیا تھا، سرکس میں آنجہانی اداکار نے شاہ رخ خان کے والد کا کردار نبھایا تھا۔

سنیل شینڈے
سنیل شینڈے
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے جانے مانے چہرے اور مشہور و معروف اداکار سنیل شینڈے نے 75 سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ یہ خبر جیسے ہی پھیلی، بالی ووڈ میں ایک بار پھر غم کا ماحول چھا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل شینڈے کا اچانک سر چکرانے لگا تھا اور پھر اتوار کی دیر شب وہ اپنے گھر پر ہی بیہوش ہو کر گر گئے تھے۔ ان کا فوری طور پر گھر پر علاج کیا گیا، لیکن 14 نومبر کو ان کے ممبئی واقع گھر پر ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ سنیل شینڈے ہندی اور مراٹھی فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے جانے جاتے تھے۔

سنیل شینڈے کے پسماندگان میں ان کی بیوی جیوتی، دو بیٹے اونکار اور رشیکیش ہیں۔ دونوں بیٹوں کی شادی ہو چکی ہے اور ان سے بچے بھی ہیں۔ ’ڈی این اے‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سنیل شینڈے کی آخری رسومات پارشیواڑا ہندو کریمیٹوریم میں ادا کی جائیں گی۔


قابل ذکر ہے کہ سنیل شینڈے 90 کی دہائی کے بہترین اداکار رہے ہیں۔ انھوں نے شاہ رخ خان کے مشہور ٹی وی شو ’سرکس‘ میں بھی کام کیا تھا۔ سرکس میں آنجہانی اداکار نے شاہ رخ خان کے والد کا کردار نبھایا تھا۔ وہ عامر خان کی مشہور فلم ’سرفروش‘ میں بھی اہم کردار نبھاتے ہوئے نظر آئے تھے۔ فلموں کے ساتھ ساتھ سنیل شینڈے دوردرشن کے کئی ٹی وی پروگرام میں کام کر چکے تھے۔ ان میں شانتی، سرکس، کیپٹن ویوم نے کافی شہرت حاصل کی تھی۔

سنیل شینڈے کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر اظہارِ افسوس اور تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مشہور کامیڈین سنیل پال نے بھی انسٹاگرام پر سنیل شینڈے کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین سنیل شینڈے کی روح کو سکون اور پسماندگان کو صبر کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔