شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کے خلاف ای ڈی کی کارروائی، 98 کروڑ روپے کی جائیداد ضبط

اس پراپرٹی میں جوہو میں واقع ان کا فلیٹ بھی شامل ہے، جو شلپا شیٹی کے نام پر ہے۔ ای ڈی نے یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) ایکٹ 2002 کے تحت کی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بٹ کوائن پونزی گھوٹالے میں اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کے 97.79 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط کر لیے ہیں۔ اس پراپرٹی میں جوہو میں واقع ان کا فلیٹ بھی شامل ہے، جو شلپا شیٹی کے نام پر ہے۔ ای ڈی نے یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) ایکٹ 2002 کے تحت کی ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق ضبط کی گئی جائیدادوں میں جوہو میں ایک فلیٹ، پونے میں ایک بنگلہ اور راج کندرا کے نام پر کئی ایکویٹی شیئرز بھی شامل ہیں۔ ای ڈی نے مہاراشٹر پولیس اور دہلی پولیس کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کی تھی۔ یہ ایف آئی آر ایم ایس ویر یئیبل ٹیک پرائیویٹ لمیٹیڈ، امیت بھاردواج، اجے بھردواج، وویک بھردواج، سمپی بھردواج، مہندر بھاردواج اور کچھ ایجنٹوں کے خلاف درج کی گی تھی۔


ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ان لوگوں نے جھوٹے وعدوں کی بنیاد پر 2017 میں سرمایہ کاروں سے تقریباً 6600 کروڑ روپے کے بٹ کوائن حاصل کیے تھے۔ اس دوران لوگوں سے 10 فیصد کی واپسی کا وعدہ کیا گیا۔ یہ ایک قسم کی پونزی اسکیم تھی، جس میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے ساتھ بڑے ییمانے پر دھوکہ دہی کی گئی۔

ای ڈی کی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ راج کندرا کو اس گھوٹالے کے ماسٹر مائنڈ امیت بھاردواج سے 285 بٹ کوائن ملے تھے۔ یہ بٹ کوائن یوکرین میں کان کنی میں سرمایہ کاری کے لیے موصول ہوئے تھے لیکن ایسا کبھی نہیں ہوا اور یہ اب بھی کندرا کے پاس ہیں، جن کی موجودہ مالیت 150 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔


خیال رہے کہ 2021 میں پورنوگرافی کیس میں راج کندرا کا نام بھی آیا تھا۔ اس معاملے میں انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ ان پر ایڈلٹ فلمیں بنانے اور انہیں ہاٹ شاٹس نامی ایپ کے ذریعے تقسیم کرنے کا الزام تھا۔ وہ 63 دن تک جیل میں رہے لیکن بعد میں انہیں ضمانت مل گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔