دلیپ کمار جائیداد تنازعہ: سوشل میڈیا نے فڑنویس حکومت کو نیند سے کیا بیدار

سائرہ بانو نے فڑنویس حکومت سے کئی بار جائیدار پر زمین مافیا کے ذریعہ قبضہ کی بات کہی لیکن کوئی اثر نہیں ہوا۔ سائرہ نے جب مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ کر اپنا درد بیان کیا تب جا کر کارروائی کی گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: شہنشاہ جذبات کا لقب حاصل کرنے والے دلیپ کمار کی جائیداد کا تنازعہ گزشتہ کچھ دنوں سے سرخیاں بنا ہوا ہے۔ زمین مافیا سمیر بھوجوانی کے ذریعہ دلیپ کمار کی جائیداد پر قبضہ کی کوششوں سے ان کی بیوی سائرہ بانو کافی پریشان تھیں اور مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت سے لگاتار گزارشات کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہو رہی تھی، لیکن سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہونے کے بعد ممبئی پولس نے کیس درج کر جانچ شروع کر دیا ہے۔

دراصل دلیپ کمار کی بیگم سائرہ بانو نے گزشتہ 17 دسمبر کو پی ایم نریندر مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا جس میں ان سے ملاقات کی گزارش کی گئی۔ یہ خبر مختلف اخبارات میں شائع ہوئیں اور سوشل میڈیا پر بھی گشت کرتی رہی، لیکن نہ ہی پی ایم مودی نے اس پر کوئی اپنا رد عمل ظاہر کیا اور نہ ہی مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کوئی ٹھوس قدم اٹھایا۔ سائرہ بانو نے دوبارہ اپنا درد 18 دسمبر کو ٹوئٹ کیا اور ایک بار پھر وزیر اعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے زمین مافیا سمیر بھوجوانی کی شکایت کی۔ یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر اتنا وائرل ہوا اور اخبارات نے بھی جس طرح سرخیاں بنائیں، اس کے بعد فڑنویس حکومت کی جیسے نیند کھل گئی۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دفتر کی فوری مداخلت کے نتیجہ میں ممبئی پولس حرکت میں آئی اور اس کے معاشی جرائم شعبہ نے مذکورہ معاملہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا۔ اس تعلق سے ایک کیس بھی درج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولس نے وزیر اعلیٰ دفتر کے ذریعہ کارروائی کے بعد امیر بھوجوانی کے خلاف فرد جرم عائد کی اور اب پولس بلڈر امیر بھوجوانی کی ضمانت کے خلاف بھی بمبئی ہائی کورٹ میں ایک درخواست داخل کرے گی۔ اس سال جنوری میں شعبہ معاشی جرائم ممبئی پولس نے سمیر بھوجوانی کے خلاف زمین قبضہ کرنے اور جعلی دستاویز ات تیار کرنے کے الزام میں کیس درج کیا تھا، لیکن سست روی کی وجہ سے بھوجوانی کا حوصلہ بلند ہی ہوتا گیا اور آخر میں اس کو گزشتہ دنوں ضمانت بھی مل گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔