دھرمیندر اسپتال سے ڈسچارج، بابی دیول کی موجودگی میں ایمبولینس سے گھر پہنچے
بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ وہ ایمبولینس کے ذریعے گھر پہنچے جہاں ان کا علاج اب گھر پر ہی جاری رہے گا۔ بابی دیول ان کے ساتھ اسپتال سے گھر تک موجود رہے

بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ پچھلے چند دنوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی اور وہ اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہلِ خانہ اور مداحوں کے درمیان ان کی صحت کو لے کر تشویش پائی جا رہی تھی، تاہم اب ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے اور وہ گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھرمیندر کو بدھ کی صبح تقریباً 7 بجے اسپتال سے چھٹی دی گئی۔ انہیں ایک ایمبولینس کے ذریعے گھر منتقل کیا گیا، جبکہ ان کے بیٹے اور اداکار بابی دیول اسپتال سے ایمبولینس کے پیچھے اپنی گاڑی میں موجود تھے۔ اسپتال انتظامیہ نے ان کے ڈسچارج ہونے کے بعد سکیورٹی بیری کیڈنگ ہٹا دی۔ اہل خانہ نے بتایا کہ اب دھرمیندر کا علاج گھر پر ہی جاری رہے گا۔
پچھلے کچھ دنوں میں بالی ووڈ کے کئی بڑے نام ان کی خیریت دریافت کرنے اسپتال پہنچے تھے۔ شاہ رخ خان، سلمان خان، عامر خان، گووندا اور دیگر اداکار دھرمیندر سے ملاقات کے لیے آئے، مگر وہ آئی سی یو میں ہونے کے باعث زیادہ لوگوں سے نہیں مل سکے۔ اس دوران ان کے بیٹے سنی دیول اور بابی دیول اسپتال میں مستقل موجود رہے اور میڈیا کو صحت سے متعلق تازہ جانکاری دیتے رہے۔
دوسری جانب دھرمیندر کی صحت بگڑنے کے دوران سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی افواہ بھی تیزی سے پھیلنے لگیں۔ ان افواہوں پر ان کی بیٹی ایشا دیول اور اہلیہ ہیما مالنی نے سخت ناراضگی ظاہر کی اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایشا دیول نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا، ’’پاپا ٹھیک ہیں، ایسی بے بنیاد باتوں پر یقین نہ کریں اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔‘‘
دھرمیندر کی اسپتال سے واپسی کی خبر سے مداحوں میں خوشی پائی جاتی ہے۔ ان کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور امید ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ جلد ہی اپنی پرانی توانائی کے ساتھ واپسی کریں گے۔
یاد رہے کہ دھرمیندر 89 برس کے ہو چکے ہیں اور اب بھی مداحوں کے درمیان اپنی پرکشش شخصیت اور مزاحیہ انداز کے باعث بے حد مقبول ہیں۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر دلچسپ شاعری، پرانی فلموں کی یادیں اور مداحوں کے ساتھ خوشگوار گفتگو کرتے رہتے ہیں۔ اب سبھی کو ان کے دوبارہ صحت یاب ہو کر اپنی خاص انداز میں واپسی کا انتظار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔