بالی ووڈ کو الوداع کہنے کے بعد زائرہ وسیم کا بیان، ’مذہب سے رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا‘

جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ کی مشہور اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر سے تعلق رکھنے والی بالی وڈ کی مشہور اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔ سنہ 2015 میں معروف فلم اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم 'دنگل' سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھی اور اس کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔

18 سالہ زائرہ وسیم جنہوں نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی وڈ فلموں 'دنگل، سیکرٹ سوپر سٹار اور دی سکائی از پنک (جو ابھی ریلیز ہونا باقی ہے) میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، نے سنیاس لینے کا اعلان اپنے تمام سوشل میڈیا کھاتوں پر اپنی ایک طویل تحریر میں کیا ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے کو صحیح ثابت کرنے کے لئے قرآن کی متعدد آیات، پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم و خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب کے اقوال کا سہارا لیا ہے۔


زائرہ وسیم جو اب تک بالی وڈ کے متعدد بڑے ایوارڈ جیسے فلم فیئر اور نیشنل فلم ایوارڈ حاصل کرچکی ہیں، کے بالی وڈ سے سنیاس لینے کے اچانک فیصلے نے سوشل میڈیا پر تبصرہ بازی کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔ تاہم وادی کشمیر میں بیشتر لوگ زائرہ وسیم کے فیصلے کو صحیح قرار دیتے ہوئے انہیں شاباشی دے رہے ہیں۔

زائرہ وسیم جو ابھی بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہے، نے 'فیس بک' پر اپنے ایک طویل پوسٹ میں کہا: 'پانچ سال پہلے میں نے ایک فیصلہ لیا جس نے میری زندگی ہمیشہ کے لئے بدل دی۔ جیسے ہی میں نے بالی وڈ میں قدم رکھا تو میرے لئے بے تحاشہ مقبولیت کے دروازے کھل گئے۔ میں لوگوں کی توجہات کا مرکز بننے لگی۔ مجھے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل قرار دیا گیا'۔


انہوں نے لکھا ہے: 'آج جب میں نے پانچ سال مکمل کئے تو میں اس بات کا اعتراف کرنا چاہوں گی کہ میں اپنے کام سے خوش نہیں ہوں۔ بے شک یہ فیلڈ میرے لئے بے پناہ پیار، حمایت اور ستائش کا موجب بنا لیکن یہ فیلڈ مجھے جہالت کی طرف لے جارہا تھا اور میں آہستے آہستے اپنا ایمان کھو رہی تھی۔ چونکہ میں ایک ایسے ماحول میں کام کررہی تھی جہاں میرے ایمان کے ساتھ مسلسل دخل اندازی ہورہی تھی میرا میرے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا'۔

زائرہ وسیم نے لکھا ہے: 'میں اپنے آپ کو تسلی دے رہی تھی کہ میں جو کچھ کررہی ہوں وہ ٹھیک ہے اور اس راہ کا میری ذاتی زندگی پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑرہا تھا۔ لیکن میں اپنی زندگی میں برکت کھونے لگی'۔ انہوں نے فلمی کیریئر سے رخصتی لینے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہے: 'بالی وڈ میں میرا سفر تھکاوٹ سے بھرا پڑا رہا۔ میں اپنی روح سے لڑ رہی تھی۔ لہٰذا آج میں رسمی طور پر اپنے فیلڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتی ہوں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Jun 2019, 1:10 PM