’کچھ جوکروں کی وجہ سے پھیل رہا ہے کورونا‘

معروف اداکار سلمان خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’اگر ہمارے ایکشن صحیح ہوتے تو اتنی جانیں نہیں جاتیں، اور اب ان چند لوگوں کی وجہ سے پورا ہندوستان ایک طویل مدت تک گھر میں بیٹھے گا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس انفیکشن نے دنیا کے بیشتر ممالک میں لوگوں کو گھروں کے اندر قید کر دیا ہے۔ ہندوستان میں بھی مکمل لاک ڈاؤن کی حالت برقرار ہے۔ سیاستدانوں سے لے کر بالی ووڈ ہستیوں تک کو گھروں میں کوارنٹائن کی زندگی گزارنی پڑ رہی ہے۔ ایسے ماحول میں بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو لاک ڈاؤن کی نہ صرف خلاف ورزی کر رہے ہیں، بلکہ کورونا کو پھیلنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے ایسے لوگوں کی سخت تنقید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں انھوں نے صاف لفطوں میں کہا ہے کہ "کچھ جوکروں کی وجہ سے یہ بیماری لگاتار پھیل رہی ہے۔ اگر ہمارے ایکشن صحیح ہوتے تو اتنی جانیں نہیں جاتیں اور اب ان چند لوگوں کی وجہ سے پورا ہندوستان ایک طویل مدت تک گھر میں بیٹھے گا۔"


سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام سے تقریباً ساڑھے نو منٹ کا ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں کئی باتیں انھوں نے لوگوں کے سامنے رکھی ہیں۔ ویڈیو میں انھوں نے ڈاکٹروں پر حملہ کرنے والے لوگوں پر سخت ناراضگی بھی ظاہر کی ہے۔ ویڈیو کے شروع میں وہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ "اب زندگی کا بِگ باس شروع ہو گیا ہے جس میں سبھی لوگ گھر پر بیٹھے ہیں۔ جب یہ کورونا آیا تھا تو ایسا لگا تھا کہ یہ عام بخار ہے، ٹھیک ہو جائے گا۔ لیکن جب لاک ڈاؤن ہوا تو معاملہ کافی سنگین ہو گیا۔ کورونا نے سبھی لوگوں کی چھٹی کر دی ہے، لیکن اب بھی کچھ لوگ ہیں جو اس کی سنگینی کو نہیں سمجھ پا رہے ہیں۔"

سلمان ویڈیو پیغام میں آگے کہتے ہیں کہ "جس بیماری کا کوئی علاج نہیں، اس کا پازیٹو ہونا بہت تکلیف دہ ہے۔ جو لوگ پازیٹو مریض کی تکلیف نہیں سمجھ رہے وہ غیر اخلاقی کام کر رہے ہیں۔ پازیٹو مریض تو یہ سمجھ جاتا ہے کہ اس سے غلطی ہو گئی، لیکن جو ابھی احتیاط نہیں برت رہے وہ جلد پازیٹو ہو جائیں گے یہ گارنٹی ہے اور پھر اپنے پورے خاندان کو یہ بیماری دے دیں گے۔"


مذہبی مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے سلمان خان نے اپنے ویڈیو میں کہا کہ "اگر کسی کو نماز پڑھنی ہے تو گھر میں پڑھے، پوجا کرنی ہے تو اپنے گھر میں کرے۔ پولس اور حکومت ہمیں پورے ہندوستان کے لیے گھروں میں رہنے کے لیے کہہ رہی ہے، اس میں ان کا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے۔" سلمان نے ناراضگی بھرے انداز میں لاپروا لوگوں سے یہ سوال بھی کیا کہ "کیا آپ ہندوستان کی آبادی کم کرنا چاہتے ہیں، تو کیا اس کی شروعات اپنے گھر سے کریں گے؟"

ویڈیو پیغام کے ایک حصے میں سلمان خان یہ کہتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں کہ "اگر آپ نے باتیں مانی ہوتیں تو اب تک ہندوستان سے کورونا وائرس ختم ہو چکا ہوتا اور لاک ڈاؤن بھی پوری طرح سے ختم ہو گیا ہوتا۔ پولس اور ڈاکٹرس کی فیملی کو بھی یہ بیماری ہو سکتی ہے، لیکن وہ عوام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کی ڈیوٹی وہ نبھا رہے ہیں، لیکن آپ کی ڈیوٹی گھر میں بیٹھنے کی ہے۔ آپ اتنا بھی نہیں کر پا رہے ہیں۔" سلمان خان نے مزید کہا کہ " جو لوگ آپ کی جان بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں، آپ باہر نکل کر ان کی جان خطرے میں نہ ڈالیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Apr 2020, 1:11 PM