دلیپ کمار نم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک، سائرہ بانو نے قبرستان پہنچ کر کیا آخری سلام

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @Qadrisyedrizwan
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @Qadrisyedrizwan
user

قومی آوازبیورو

07 Jul 2021, 5:13 PM

دلیپ کمار نم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک

دلیپ کمار کی آخری رسومات مکمل ہو گئی ہے اور انھیں لاتعداد نم آنکھوں نے آخری وداعی دیتے ہوئے سپردِ خاک کر دیا۔ دلیپ کمار کو جوہو واقع سانتاکروز قبرستان میں دفن کیا گیا جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے سانتاکروز قبرستان پہنچ کر انھیں آخری بار سلام پیش کیا اور اس موقع پر وہ روتی-بلکتی اور بے حال نظر آئیں۔

07 Jul 2021, 4:46 PM

ممبئی: سانتاکروز قبرستان پہنچا دلیپ کمار کا جسد خاکی

شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کی تدفین کا عمل بس کچھ ہی دیر میں شروع ہونے والا ہے۔ دلیپ کمار کا جسد خاکی سانتاکروز قبرستان پہنچ گیا ہے اور یہاں ان کے چاہنے والوں، رشتہ داروں اور شیدائیوں کی بھیڑ لگ گئی ہے۔ پولیس نے لوگوں کی بھیڑ سے بچنے کے لیے بیریکیڈنگ کر دی ہے۔ دلیپ کمار کو سرکاری اعزاز کے ساتھ الوداع کہا جا رہا ہے اور انھیں اس وقت ترنگے پرچم میں لپیٹ کر رکھا گیا ہے۔ گھر سے قبرستان لاتے وقت ایمبولنس پر سوار کرنے سے پہلے انھیں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ اس موقع پر وہاں وجود سبھی لوگوں کی آنکھیں چھلک رہی تھیں۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو بھی بے حال اور غمزدہ ہیں۔

07 Jul 2021, 4:05 PM

دلیپ کمار کے آخری سفر کی تیاری شروع، جسد خاکی کو ترنگے میں لپیٹا گیا

دلیپ کمار کو ممبئی کے سانتاکروز میں دفن کرنے کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ ان کے گھر پر چاہنے والوں، رشتہ داروں اور دوستوں کی بھیڑ جمع ہے جو ان کے آخری سفر کا گواہ بنیں گے۔ دلیپ کمار کے جسد خاکی کو ترنگے پرچم میں لپیٹ کر رکھا گیا ہے اور تھوڑی دیر بعد ہی ان کی میت قبرستان کی طرف روانہ ہوگی۔


07 Jul 2021, 2:56 PM

دلیپ کمار کو آخری وداعی دینے پہنچے شاہ رخ خان

دلیپ کمار کے انتقال کے بعد انھیں آخری وداعی دینے کے لیے اہم شخصیتوں کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مشہور و معروف اداکار شاہ رخ خان بھی دلیپ کمار کا آخری دیدار کرنے کے لیے پہنچے اور روتی ہوئی دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سائرہ بانو انتہائی مغموم نظر آئیں جنھیں سنبھالتے ہوئے شاہ رخ نے ہمت اور حوصلہ کی تلقین کی۔

07 Jul 2021, 10:26 AM

دلیپ صاحب کی تدفین جوہو قبرستان میں شام 5 بجے ہوگی: فیصل فاروقی 

شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کا آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سنبھالنے والے فیصل فاروقی نے ٹوئٹ کر کے اطلاع دی ہے کہ دلیپ صاحب کی تدفین جوہو قبرستان میں کی جائے گی۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’انتہائی درد اور گہرے رنج و غم کے ساتھ دلیپ صاحب کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں۔ ہم خدا کی طرف سے آئے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ جائیں گے‘‘ ایک دوسرے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا، ’’تدفین شام 5 بجے سانتا کروز میں واقع جوہو قبرستان میں کی جائے گی۔‘‘


07 Jul 2021, 9:31 AM

دلیپ صاحب ہندوستان کے قلب میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، صدر رام ناتھ کووند

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے دلیپ کمار کی وفات پر جاری اپنے پیغام میں کہا، ’’دلیپ کمار نے اپنی شخصیت سے ابھرتے ہوئے ہندوستان کی تاریخ کا خلاصہ کیا۔ ان کی دلکش اداکاری نے تمام حدود کو عبور کر لیا اور برصغیر بھر میں انہیں پسند کیا گیا۔ ان کے انتقال کے ساتھ ہی ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ دلیپ صاحب ہندوستان کے قلب میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ اہل خانہ اور ان کے بے شمار مداحوں سے میری تعزیت۔‘‘

07 Jul 2021, 9:23 AM

دلیپ کمار کو نسل در نسل پسند کیا گیا، وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر کیا، ’’دلیپ کمار صاحب سینما کے لیجنڈ کے طور پر یاد کیے جائیں گے۔ وہ بے مثال مہارت کے حامل تھے، جس کی وجہ سے لوگوں نے نسل در نسل انہیں پسند کیا۔ ان کی وفات سے ہماری ثقافتی دنیا کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور بے شمار مداحوں سے میری تعزیت۔‘‘


07 Jul 2021, 9:10 AM

دلیپ کمار کو آنے والی نسلیں بھی یاد کیا کریں گی، راہل گاندھی

دلیپ کمار کے انتقال پر اہم شخصیات تعزیتی پیغام جاری کر رہی ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے دلیپ کمار کی ہندوستان سنیما میں کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کو آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’دلیپ کمار صاحب کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے میری دلی تعزیت۔ ہندوستانی سینما کے لئے ان کے غیر معمولی تعاون کو آنے والی نسلیں یاد کیا کریں گی۔‘‘

07 Jul 2021, 8:07 AM

شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کا 98 سال کی عمر میں انتقال

ہندوستان کے عظیم فنکار اور شہنشاہ جذبات کے نام سے مشہور دلیپ کمار کا 98 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ ان کا علاج کر رہے ڈاکٹر جلیل پارکر نے اس کی تصدیق کی ہے۔ دلیپ کمار کافی دنوں سے علیل چل رہے تھے اور ان کا ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ کچھ دن پہلے ان کے شفایاب ہونے کے بعد انہیں گھر لے جایا گیا تھا۔ تاہم ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہو گئی اور انہیں دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں کئی دن تک وہ آئی سی یو میں داخل رہے۔

دلیپ کمار کو پچھلے ایک مہینے میں دو بار اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ 5 جولائی کو دلیپ کمار کے ٹویٹر ہینڈل سے ان کی صحت سے متعلق اطلاع دی گئی تھی۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ دلیپ صاحب کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ وہ ابھی اسپتال میں ہی ہین، انہیں اپنی دعاؤں سے نوازیں لیکن ان صحت سے متعلق اس معلومات کے دو دن بعد ہی دلیپ کمار الوداع کہہ کر اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔