’بائیکاٹ عالیہ بھٹ‘ کیوں ہو رہا ٹرینڈ! وجہ جان کر آ جائے گی ہنسی

آج صبح جب ٹوئٹر دیکھا تو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ہیش ٹیگ بائیکاٹ عالیہ بھٹ ٹرینڈ کر رہا ہے، ابھی تو عالیہ بھٹ کی فلم ’ڈارلنگز‘ ریلیز بھی نہیں ہوئی اور عالیہ پر لوگوں کا اتنا غصہ؟

فلم ’ڈارلنگز‘ ، تصویر آئی اے این ایس
فلم ’ڈارلنگز‘ ، تصویر آئی اے این ایس
user

پرگتی سکسینہ

آج صبح جب ٹوئٹر دیکھا تو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ ہیش ٹیگ بائیکاٹ عالیہ بھٹ (#BoycottAliaBhatt) ٹرینڈ کر رہا ہے۔ ابھی تو عالیہ بھٹ کی فلم ’ڈارلنگز‘ ریلیز بھی نہیں ہوئی اور عالیہ پر لوگوں کا اتنا غصہ؟ سمجھ نہیں آیا کہ آخر ایسا کیوں ہے۔ ایک بار تو لگا شاید یہ وہی لوگ ہیں جو عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کو بھی بغیر دیکھے بائیکاٹ کر رہے ہیں۔

لیکن ذرا رکیے! یہ دوسری قسم کے لوگ ہیں بھائی! ذرا دھیان سے اس مسئلہ کو دیکھا تو سمجھ میں آیا کہ یہ بھی دراصل ہمارے سلیکٹیو ’انتہائی حساس‘ ہونے کی ہی ایک علامت ہے۔ ’کینسل کلچر‘ کو آج کل ویسے بھی اتنی اہمیت دی جا رہی ہے کہ لگتا ہے کچھ روز میں وہی ہماری اہم ثقافت ہو جائے گی۔ آپ نے منھ کھولا، اور لیجیے جو آپ بولنے والے تھے وہ کینسل کر دیا گیا!


لیکن عالیہ بھٹ کو بائیکاٹ کرنے والی جماعت کچھ خاص ہے۔ ابھی تک رائٹ وِنگ کے لوگ اپنے اپنے وقار کو لے کر مجروح ہوتے رہتے تھے، لیکن اب تو ہندی بیلٹ کے مرد ہونے سے ہی مجروح ہو گئے۔ ظاہر طور پر عالیہ کو بائیکاٹ کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ ’ڈارلنگز‘ فلم میں مرد پر بہت تشدد دکھایا گیا ہے۔ اب بتائیے، آپ نے فلم دیکھی نہیں، صرف ٹریلر کے دم پر اس نتیجے پر پہنچنا نہ صرف بے معنی ہے، بلکہ مضحکہ خیز بھی ہے۔

دوسری بات یہ کہ جہاں تک ہماری سمجھ اور اعداد و شمار بتاتے ہیں، ہمارے سماج میں مردوں کی بہ نسبت خواتین گھریلو تشدد کی شکار زیادہ ہوتی ہیں۔ تو اگر ایک مرد پر کوئی تشدد دکھایا جا رہا ہے تو ضروری نہیں کہ وہ گھریلو تشدد ہو یا وہ مرد واقعی مجبور ہو (فلم کا ٹریلر اس بات کو واضح نہیں کرتا، ہاں یہ ڈائیلاگ عالیہ بھٹ ضرور بولتی ہیں کہ جو کچھ اس نے میرے ساتھ کیا وہی میں اس کے ساتھ کروں گی۔) یہاں تو غضب ’رول ریورسل‘ دکھائی دے رہا ہے۔ ٹوئٹر کے ٹرینڈ کو دیکھ کر تو کوئی یہی سمجھے گا کہ ہمارے یہاں کے مرد بہت غیر محفوظ اور استحصال کے شکار ہیں۔ یعنی بائیکاٹ کرنے والی جماعت دراصل انہی لوگوں سے بنی دکھائی دیتی ہے جو محض کور دیکھ کر پوری کتاب کو سمجھ لینے کا دعویٰ کرتے ہیں۔


’بیٹ مین‘ نام کی فلم میں ویلن کا ایک ڈائیلاگ ہوتا ہے ’وہائی سو سیریس!‘۔ ہمیں لگتا ہے کہ جتنے ’انتہائی حساس‘، بات بات پر سوشل میڈیا میں اپنی تنک مزاجی دکھانے والے ’کینسل کلچر‘ اور بائیکاٹ جیسے الفاظ کا بھرپور استعمال کرنے والے لوگ ہیں، انھیں ذرا بیٹ مین کے اس ڈائیلاگ کو دھیان میں رکھنا چاہیے اور زندگی و سماج سے جڑے جو سنگین ایشوز ہیں، انھیں سوشل میڈیا پر ظاہر کرنا چاہیے۔

باقی، فلم کو ریلیز تو ہو جانے دیجیے، پھر اچھی ہے یا خراب اس پر تبصرہ کیجیے۔ عالیہ بھٹ کو بائیکاٹ کرنے کا کیا فائدہ؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔