بالی وڈ کے 'بھارت کمار' منوج کمار کا انتقال، سنیما کی دنیا غمزدہ، فلمی شخصیات کا خراج عقیدت

منوج کمار 87 برس کی عمر میں چل بسے۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔ بالی وڈ میں سوگ، فلمی شخصیات نے خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے خاندان کے مطابق، آخری رسومات ہفتے کو ادا کی جائیں گی

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بالی وڈ کے معروف اداکار اور ہدایتکار منوج کمار 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور جمعہ کی صبح ممبئی کے کوکلا بین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کی خبر سے فلمی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

منوج کمار، جنہیں ان کی حب الوطنی پر مبنی فلموں کے باعث 'بھارت کمار' کے نام سے جانا جاتا تھا، نے ہندوستانی سنیما کو کئی یادگار فلمیں دیں جن میں 'اپکار'، 'پورب اور پچھم'، 'کرانتی'، اور 'روٹی کپڑا اور مکان' شامل ہیں۔ ان کی فلمیں حب الوطنی، سماجی انصاف اور ہندوستانی ثقافت کی عکاسی کرتی تھیں۔

فلم ساز اشوک پنڈت نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ وہ ایک عرصے سے بیمار تھے مگر ان کا حوصلہ ہمیشہ بلند رہا۔ ہم اکثر ان کے گھر جا کر ان سے ملتے تھے، اور وہ ہمیشہ سنیما اور موسیقی پر بات کرتے تھے۔ ان کا جانا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘


اداکار اکشے کمار نے بھی منوج کمار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا، ’’میں ان سے سیکھتا ہوا بڑا ہوا۔ ہمارے ملک کے لیے محبت اور فخر سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور اگر ہم اداکار اس احساس کو بیان نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟ وہ نہایت اچھے انسان اور ہماری فلمی دنیا کے عظیم ستون تھے۔‘‘

مشہور نغمہ نگار منوج منترشیر نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’زندگی بھر اس بات کا فخر رہا اور رہے گا کہ میرا نام آپ سے ملتا ہے۔ حب الوطنی کا پہلا سبق میں نے آپ کی فلموں سے سیکھا۔ اگر آپ نہ ہوتے تو شاید وہ جذبہ بھی نہ ہوتا جس نے میری قلم سے 'تیری مٹی' جیسے گیت نکلوا دیے۔ الوداع میرے ہیرو‘‘


فلم ساز وویک رنجن اگنی ہوتری نے انہیں 'ہندوستان کے پہلے سچے اور مخلص فلم ساز' قرار دیتے ہوئے لکھا، "منوج کمار نے ہندوستانی سنیما کو ایک نیا رنگ دیا۔ انہوں نے حب الوطنی کو سنیما کے ذریعے خوبصورتی سے پیش کیا۔ وہ ایک نڈر فلم ساز تھے، جو اپنی جڑوں سے جڑے رہے۔ ایسے فنکار کبھی نہیں مرتے، وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔"

ان کی فلموں کی کامیابی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1992 میں پدم شری اور 2015 میں ہندوستان کے اعلیٰ ترین فلمی اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ منوج کمار کے اہل خانہ کے مطابق، ان کی آخری رسومات ہفتے کے روز ادا کی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔