قادر خان کے انتقال سے بالی ووڈ ہستیوں پر ٹوٹا غم کا پہاڑ،اظہار درد کا سلسلہ شروع

بالی ووڈ کی مایہ ناز ہستی قادر خان کے دوست شکتی کپور نے ان کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’قادر خان کی موت کی خبر سے پورا بالی ووڈ صدمے میں ہے۔ وہ ایک سچے اداکار اور بہترین انسان تھے۔‘‘

(فائل فوٹو) بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار اور اسکرپٹ رائٹر قادر خان
(فائل فوٹو) بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار اور اسکرپٹ رائٹر قادر خان
user

قومی آوازبیورو

نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی بالی ووڈ کو انتہائی بری خبر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جیسے ہی بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار اور اسکرپٹ رائٹر قادر خان کے اس دنیا کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہنے کی خبر پھیلی، بالی ووڈ ہستیوں پر جیسے غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ یکے بعد دیگرے بالی ووڈ اداکاروں، ہدایت کاروں اور دیگر ہستیوں کی جانب سے اظہارِ درد پر مبنی ٹوئٹ کیے جانے لگے اورنیوز چینلزپر تعزیتی پیغامات بھی دیے جانے لگے۔ امیتابھ بچن کے ساتھ درجنوں فلمیں کرنے والے قادر خان کی موت پر امیتابھ بچن نے اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’قادر خان کا انتقال کرنا انتہائی مایوس کن خبر ہے۔ وہ ایک بہترین اسٹیج آرٹسٹ تھے جنھوں نے فلموں میں کمال کی اداکاری کی۔ وہ عظیم اسکرپٹ رائٹر تھے جو میری بہترین فلموں میں میرے ساتھ تھے۔ ان کا ساتھ میرے لیے ہمیشہ اچھا رہا۔‘‘

قادر خان کے قریبی دوست اور بہترین مزاحیہ اداکار اَسرانی تو اس اندوہناک خبر سے انتہائی جذباتی ہو گئے ہیں۔ وہ میڈیا کے سامنے نم آنکھوں سے بس اتنا ہی کہہ پاتے ہیں کہ ’’وہ ایک نیک دل اور لاجواب دوست تھے۔‘‘ یہ بیان دیتے وقت اَسرانی کی جو کیفیت تھی وہ ظاہر کر رہی تھی کہ دوست کی موت سے وہ کس قدر غمگین ہیں۔ شکتی کپور کا بھی تقریباً یہی حال ہے۔ قادر خان کی طرح ویلن کے بعد مزاحیہ اداکار کے طور پر اپنی پہچان بنانے والے شکتی کپور نے بھی ان کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا۔ میڈیا کے سامنے اپنے دوست کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شکتی کپور کہتے ہیں کہ ’’قادر خان کی موت کی خبر سے پورا بالی ووڈ صدمے میں ہے۔ وہ ایک سچے اداکار اور بہترین انسان تھے۔‘‘

معروف فلمساز اور ہدایت کار مدھر بھنڈارکر نے قادر خان کو ہمہ جہت خوبیوں سے بھرپور اداکار ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ انھیں خراج عقیدت پیش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’بے مثال رائٹر، اداکار، کامیڈین قادر خان کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔ انھوں نے ایک ہی وقت میں ہمیں ہنسایا بھی اور رلایا بھی۔ انھوں نے زبردست ڈائیلاگ کے ذریعہ ہمیں تفریح کا موقع میسر فرمایا۔ بھگوان ان کی روح کو سکون عطا کرے۔‘‘ بالی ووڈ ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش نے بھی قادر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’یہ ایک دور کا خاتمہ ہے۔ قادر خان صاحب آپ کی روح کو سکون حاصل ہو۔ ایک غیر معمولی رائٹر اور ہمہ جہت خوبی سے بھرے اداکار۔ اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے تعزیت۔‘‘

قادر خان کی موت کی خبر جیسے جیسے پھیل رہی ہے، ویسے ویسے تعزیتی پیغامات کا یہ سلسلہ لگاتار دراز ہوتا جا رہا ہے۔ مقبول اداکار انوپم کھیر نے تو اپنا تعزیتی پیغام بذریعہ ویڈیو پیش کیا ہے اور انھوں نے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے قادر خان کو اپنا استاد بتایا ہے۔ اداکار ارجن کپور نے بھی اس تعلق سے ٹوئٹ کیا ہے اور لکھا ہے کہ ان کے انتقال سے بالی ووڈ میں ایسا خلاء پیدا ہوا ہے جسے پُر کرنا ممکن نہیں۔ سوشل میڈیا پر قادر خان کے بے شمار فین بھی لگاتار تعزیتی پیغام بھیج رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ 81 سالہ قادر خان کا انتقال ٹورنٹو کے ایک اسپتال میں ہوا اور انھوں نے آخری سانس یکم جنوری کی علی الصبح تقریباً 4 بجے لی۔ اپنی بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ بے مثال ہدایت کاری کے لیے بھی معروف قادر خان طویل مدت سے بیمار چل رہے تھے اور ان کا علاج ٹورنٹو کے اسپتال میں ہی چل رہا تھا۔ ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر جنرل ونٹلیٹر سے ہٹا کر اسپیشل ونٹلیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن ان کی طبیعت لگاتار بگڑتی ہی چلی گئی۔ قادر خان کے پسماندگاہ میں ان کی بیوی ہاجرہ، بیٹا سرفراز اور بہو و پوتے-پوتیاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق قادر خان کو ٹورنٹو کے ہی ایک قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔