انٹرٹینمنٹ LIVE: مشہور اداکارہ کے ساتھ ساتھ ان کے شوہر، والد اور والدہ بھی کورونا پازیٹو

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

10 Jul 2020, 9:19 PM

مغربی بنگال کی مشہور اداکارہ کوئل ملک، ان کے شوہر اور والدین کورونا پازیٹو

مغربی بنگال کی مشہور و معروف اداکارہ کوئل ملک نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ خود کے کورونا پازیٹو ہونے کی افسوسناک خبر دی ہے۔ انھوں نے اپنے شیدائیوں کو صرف خود کے ہی نہیں بلکہ اپنے شوہر، والدہ اور والد کے کورونا پازیٹو ہونے کی بھی خبر دی۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ وہ چاروں ہی اس وقت سیلف کوارنٹائن میں ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ کوئل ملک کچھ مہینے پہلے ہی ماں بنی ہیں۔ ان کا بچہ اس وقت محض 2 مہینے کا ہے۔

10 Jul 2020, 7:59 PM

پربھاس کی فلم 'رادھے شیام' کا پہلا پوسٹر جاری، پوجا ہیگڑے بھی ہیں ساتھ

'باہوبلی' فلم سے اپنی ایک الگ شناخت بنانے والے اداکار پربھاش کی اگلی فلم 'رادھے شیام' کا پہلا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ اس فلم کو رادھا کرشن کمار ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔ فلم میں پربھاس کے ساتھ بالی ووڈ اداکارہ پوجا ہیگڑے اہم کردار میں ہیں۔ فلم کے پہلے پوسٹر میں پربھاس اور پوجا ہیگڑے دونوں ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اس پوسٹر کو جاری کرتے ہوئے پربھاش نے اپنے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ "میرے شیدائیوں، یہ آپ کے لیے ہے! امید کرتا ہوں کہ آپ کو پسند آئے گی۔" واضح رہے کہ فلم 'رادھے شیام' بڑے بجٹ کی فلم ہے اور سال 2021 میں سنیما ہال میں ریلیز کی جائے گی۔

10 Jul 2020, 6:50 PM

والد جگدیپ کی موت سے غمزدہ جاوید جعفری نے کہا 'انہیں دعا میں یاد رکھنا'

مشہور بالی ووڈ اداکار جاوید جعفری نے اپنے والد جگدیپ کو ملی ’محبت اور احترام' پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل کی ہے۔ جگدیپ کے انتقال سے ان کے بیٹے جاوید جعفری بہت غمزدہ ہیں۔ جاوید جعفری نے کہا ’’بہت سے لوگوں نے ہمیں پیغامات بھیجے ہیں لیکن ہم ہر شخص کو جواب نہیں دے سکتے۔ جو بھی یہ دیکھ رہے ہیں، ہم آپ کی محبت اور دعاؤں کے لئے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہمارے والد نے فلم انڈسٹری میں 70 برس گزارے اور انہیں بہت پیار و احترام ملا جیسا کہ ہم دیکھ سکتے ہیں کہ وہ پیار آج دکھائی دے رہا ہے۔‘‘ جاوید جعفری نے مزید کہا ’’ہمارے والد کی جانب سے جنہوں نے اپنے 70 سال اس فلم انڈسٹری کو دیئے، مہربانی کرکے اگر آپ ان کے لئے ایک چھوٹی سی دعا کر سکیں تو وہ ہمارے لئے بہت ہوگا۔‘‘


10 Jul 2020, 5:39 PM

ماں عائشہ شراف نے شیئر کی ٹائیگر شراف کی دلچسپ تصویر

بالی ووڈ کے مشہور اداکار ٹائیگر شراف کی ماں عائشہ شراف نے اپنے انسٹاگرام پر بیٹے کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ زمین پر سوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس تصویر کے تعلق سے عائشہ شراف نے ایک جذباتی تبصرہ بھی انسٹاگرام پر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ "محنت کے بعد گہری نیند آتی ہے۔ مجھے تم پر بے حد ناز ہے ٹائیگر شراف۔" اس تصویر پر سوشل میڈیا یوزرس خوب کمنٹ کر رہے ہیں۔

10 Jul 2020, 4:29 PM

ابھشیک بچن نے بدلا اپنا نام، ابھشیک اور بچن کے درمیان جوڑا 'اے'

بالی ووڈ اداکار ابھشیک بچن نے اب تک جو بھی فلمیں کی ہیں اس میں کریڈٹ میں ابھشیک بچن ہی نام لکھا ہے، لیکن ان کی پہلی ویب سیریز 'بریتھ: انٹو دی شیڈوز' میں نام کے ساتھ کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔ اس ویب سیریز کے انٹروڈکشن میں ابھشیک بچن کا نام 'ابھشیک اے. بچن' لکھا گیا ہے۔ حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ انھوں نے 'اے' کا استعمال کس کے نام پر کیا ہے۔ کیونکہ ان کے والد امیتابھ، بیوی ایشوریہ رائے اور بیٹی آرادھیا کا نام بھی اے سے ہی شروع ہوتا ہے۔ اس بات کو لے کر سوشل میڈیا میں بحث شروع ہو گئی ہے لیکن ابھشیک بچن نے فی الحال کوئی انکشاف نہیں کیا ہے کہ انھوں نے آخر اپنے نام کے درمیان میں 'اے' کیوں جوڑا ہے۔


10 Jul 2020, 3:29 PM

وکاس دوبے کے انکاؤنٹر سے اداکارہ تاپسی پنّو حیران، دیا زبردست رد عمل

اتر پردیش کے بدنام زمانہ گینگسٹر وکاس دوبے انکاؤنٹر معاملہ میں کئی طرح کے سوال اٹھ رہے ہیں اور کئی لوگ یو پی پولس کو کٹہرے میں کھڑا کر رہے ہیں۔ اس درمیان بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ تاپسی پنّو نے وکاس دوبے انکاؤنٹر معاملہ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعہ زبردست طنز کیا ہے۔ اس ڈرامائی انکاؤنٹر کے تعلق سے تاپسی پنّو نے لکھا ہے کہ "واہ! یہ امید تو بالکل نہیں تھی!! اور پھر لوگ کہتے ہیں کہ بالی ووڈ کی کہانیاں سچائی سے بے حد دور ہوتی ہیں۔"

10 Jul 2020, 2:44 PM

سوشانت سنگھ کی آخری فلم 'دل بے چارہ' کا ٹائٹل ٹریک ریلیز

سوشانت سنگھ راجپوت کی آخری فلم 'دل بے چارہ' کا ٹائٹل ٹریک (ٹائٹل سانگ) آج ریلیز کر دیا گیا ہے جسے آواز دی ہے اے آر رحمن نے۔ اس کی موسیقی بھی اے آر رحمن نے ہی تیار کی ہے، جب کہ کوریوگرافی کی ذمہ داری فرح خان نے نبھائی ہے۔ یہ ٹائٹل ٹریک ریلیز ہوتے ہی لوگوں میں خوب پسند کی جا رہی ہے۔ شروعاتی دو گھنٹوں میں ہی تقریباً 5 لاکھ ویوز یو ٹیوب پر ہو چکے ہیں۔ گانے میں سوشانت سنگھ راجپوت اسٹیج پر پرفارمنس پیش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ گانے کے بول ہیں "دل بے چارہ فرینڈ زون کا مارا"۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔