کالے ہرن شکار معاملے میں سیف، تبو، نیلم کو نئے سرے سے نوٹس

عدالت میں سماعت کے دوران سرکاری وکیل مہپال سنگھ نے بتایا کہ نیلم کے علاوہ ابھی تک دیگر شریک ملزمان کو نوٹس موصول نہیں ہوپائے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جودھپور: راجستھان ہائی کورٹ نے مشہور کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں فلم اداکار سیف علی خان، اداکارہ سونالی بیندرے، نیلم اور تبو سمیت دیگر شریک ملزمین کو نئے سرے سے نوٹس جاری کیے ہیں۔

راجستھان ہائی کورٹ میں جسٹس منوج گرگ کی عدالت نے آج اس معاملے کی سماعت کے دوران سبھی شریک ملزموں کو نئے سرے سے نوٹس جاری کیے۔ ریاستی سرکار نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ دیو کمار کھتری (جودھپور دیہی) کی عدالت کے شریک ملزمان کو گزشتہ برس اپریل میں بری کر دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ اس معاملے میں آئندہ سماعت کے لئے آٹھ ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے۔


عدالت میں سماعت کے دوران سرکاری وکیل مہپال سنگھ نے بتایا کہ نیلم کے علاوہ ابھی تک دیگر شریک ملزمان کو نوٹس موصول نہیں ہوپائے ہیں۔ اس پر عدالت نے سبھی شریک ملزمین کو نئے سرے سے نوٹس جاری کرکے آٹھ ہفتوں میں اپنا جواب پیش کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ سی جے ایم دیہی عدالت نے اس معاملے میں گزشتہ برس پانچ اپریل کو اصل ملزم سلمان خان کو پانچ سال کی قید کی سزا سنائی جبکہ شریک ملزمان سیف علی خان، نیلم، سونالی بیندرے، تبو اور دیگر ملزمان دشینت سنگھ کو شبہ کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا گیا تھا۔ فی الحال سلمان خان ضمانت پر ہیں۔ اس معاملے میں ریاستی سرکاری نے ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔


سال 1988 میں فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی شوٹنگ کے دوران جودھپور شہر کے نزدیک کاکانکی گاؤں کی سرحد پر یکم اکتوبر کی دیر رات دو کالے ہرنوں کا شکار کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سلمان خان کے خلاف معاملہ درج کیا گیا تھا، جس میں یہ لوگ شریک ملزم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔