بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے کسانوں سے کی خصوصی اپیل

ہیما مالنی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’دن رات کھیتوں میں پسینہ بہانے والے کسان بھائیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ اگر اس بیماری سے بچاؤ چاہتے ہیں تو ٹیکہ ضرور لگوائیے۔‘‘

ہیما مالنی، تصویر آئی اے این ایس
ہیما مالنی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا وائرس کے بڑھتے انفیکشن کے درمیان مشہور فلم اداکارہ اور متھرا سے رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی نے برج علاقہ کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صحیح وقت پر اور صحیح جگہ پر کووڈ کا ٹیکہ ضرور لگوائیں تاکہ وہ خود کو، اپنی فیملی کو اور ملک کو کورونا وائرس جیسی وبا سے بچا سکیں۔

ہیما مالنی نے پیر کے روز اپنے علاقائی نمائندہ جناردن شرما کے ذریعہ سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’میں آپ کی ہیما مالنی متھرا-ورنداون اور برج کے سبھی گاؤوں میں رہنے والے دن رات کھیتوں میں پسینہ بہانے والے کسان بہن-بھائیوں سے درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ وہ کورونا وبا کی اس دوسری لہر کا صبر کے ساتھ مقابلہ کریں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کورونا وائرس انفیکشن سے بچاؤ کے لیے ٹیکہ کاری پروگرام میں حصہ ضرور لیجیے۔ ٹیکہ ضررو لگوائیے۔ یہ دیکھا گیا ہے کہ جن لوگوں نے ٹیکہ لگوایا ہے، ان پر کورونا کا سنگین اثر نہیں ہوا ہے۔ میں نے بھی اس کی دونوں خوراک لے لی ہیں۔ آپ بھی جلد از جلد رجسٹریشن کروائیے۔‘‘


ہیما مالنی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’دن رات کھیتوں میں پسینہ بہانے والے کسان بھائیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ اگر اس بیماری سے بچاؤ چاہتے ہیں تو ٹیکہ ضرور لگوائیے۔ ٹیکہ لگواؤ گے، تو اپنے آپ کو، فیملی کو اور ملک کو بھی بچاؤ گے۔ کورونا کو ہرانا ہے، ٹیکہ ضرور لگوانا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔