امیتابھ بچن نے اسپتال میں داخل ہونے اور انجیوپلاسٹی ہونے کی خبر کو فرضی قرار دیا، میچ دیکھنے کی ویڈیو وائرل

معروف اداکار امیتابھ بچن نے اسپتال میں داخلے اور انجیوپلاسٹی کی خبروں کو فرضی قرار دیا ہے۔ ان کی ایک ویڈیو جس میں وہ ایک کرکٹ میچ میں تماشائیوں کے درمیان بیٹھے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے

امیتابھ بچن / Getty Images
امیتابھ بچن / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: معروف اداکار امیتابھ بچن نے اسپتال میں داخلے اور انجیوپلاسٹی کی خبروں کو فرضی قرار دیا ہے۔ ان کی ایک ویڈیو جس میں وہ ایک کرکٹ میچ میں تماشائیوں کے درمیان بیٹھے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز خبر موصول ہوئی کہ امیتابھ بچن کی صحت خراب ہے اور وہ ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل ہیں جہاں اُن کی انجیوپلاسٹی کی گئی ہے۔ شام تک یہ خبر آئی کہ انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔

نہ تو کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال اور نہ ہی امیتابھ بچن کے دفتر سے 81 سالہ ستارے کے اسپتال میں داخلے یا چھٹی کی تصدیق کی گئی ہے۔ دریں اثناء، صحت سے متعلق خبروں کے درمیان، امیتابھ بچن کو ایک اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا گیا، اداکار نے اپنے سوشل میڈیا پر وہاں کی تصاویر شیئر کی ہیں۔


تھانے کے دادوجی کونڈادیو اسٹیڈیم میں کولکاتا کی ٹیم کے خلاف انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ کے فائنل میچ کے دوران امیتابھ بچن اپنی ٹیم ماجھی ممبئی کی حمایت کرتے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیو میں بگ بی کو اپنی ٹیم کے لئے پورے جوش و خروش کے ساتھ چیئر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے ساتھ ان کے بیٹے ابھیشک بچن بھی موجود تھے۔ اسٹیڈیم میں ان کے ساتھ کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی سچن تندولکر بھی موجود تھے۔

ای ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جب امیتابھ میچ کے بعد سٹیڈیم سے باہر آئے تو میڈیا نے ان سے ان کی صحت کے بارے میں پوچھا۔ اس پر بگ بی نے اپنی بیماری کی خبروں کی تردید کی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ’فرضی خبریں‘۔ اس سب کے درمیان مداح اپنے پسندیدہ میگا اسٹار کو بالکل ٹھیک دیکھ کر بہت خوش ہیں۔


امیتابھ بچن کے کام کے بارے میں بات کریں تو اداکار کی آخری ریلیز فلم ٹائیگر شراف اور کریتی سینن کے ساتھ گنپت تھی۔ یہ فلم باکس آفس پر فلاپ رہی۔ اب بگ بی جلد ہی دیپیکا پادوکون اور پربھاس کے ساتھ کلکی 2898 اے ڈی میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔