جولی ایل ایل بی 3 کا ٹریلر سامنے آیا، اکشے کمار اور ارشد وارثی نے میرٹھ اور کانپور میں کیا لانچ

’جولی ایل ایل بی 3‘ کا ٹریلر 3 منٹ 5 سیکنڈ کا ہے، جس میں ارشد وارثی کسانوں کے وکیل اور اکشے کمار ایک سرمایہ دار کے وکیل کے طور پر عدالت میں نظر آ رہے ہیں، فلم 19 ستمبر کو ریلیز ہوگی

<div class="paragraphs"><p>اکشے کمار اور ارشد وارثی / یوٹیوب ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی کی کورٹ روم ڈرامہ سیریز کی تازہ قسط ’جولی ایل ایل بی 3‘ کے ٹریلر کی جھلک سامنے آ گئی ہے۔ ٹریلر کی لانچنگ میرٹھ اور کانپور میں کی گئی، جہاں دونوں اداکاروں نے مداحوں اور میڈیا کے سامنے فلم کے اہم مناظر پیش کیے۔ اس بار فلم کی کہانی کسانوں کے گرد گھومتی ہے، جہاں ایک طاقتور آدمی چھوٹے کسانوں کی زمین ہڑپ کرنے کی کوشش کرتا ہے اور کسان اپنی زمین بچانے کے لیے عدالت میں جولی کی مدد طلب کرتے ہیں۔

ٹریلر تقریباً 3 منٹ 5 سیکنڈ پر مشتمل ہے اور اس میں مزاح، جذباتی مناظر اور سماجی مسائل کو بخوبی اجاگر کیا گیا ہے۔ ابتدائی مناظر میں کسان ارشد وارثی کے کردار جولی (اول) کے پاس انصاف کے لیے آتے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ارشد وارثی اس بار بھی مرکزی کردار کے طور پر پیش ہیں۔ ٹریلر کے مطابق، اکشے کمار سرمایہ دار یعنی گجراج راؤ کے وکیل کے طور پر عدالت میں موجود ہیں۔ اس بار کہانی میں دونوں جولی ایک ساتھ نظر آئیں گے، جس سے پچھلے دو حصوں کی کہانی سے الگ اور دلچسپ موڑ دیکھنے کو ملے گا۔


فلم میں گجراج راو ایک منفرد انداز میں نگیٹو کردار میں نظر آتے ہیں۔ ہما قریشی اور امرتا راؤ اپنے پہلے کے کردار میں جلوہ گر ہیں، جہاں ہما، اکشے کمار کی اہلیہ کے طور پر دکھائی دیتی ہیں اور امرتا راؤ، ارشد وارثی کی بیوی کے رول میں ہیں۔ اس کے علاوہ سیما بسواس بھی اہم کردار میں شامل ہیں۔

'جولی ایل ایل بی 3' اس کورٹ روم ڈرامہ سیریز کا تیسرا حصہ ہے۔ پہلے حصے میں ارشد وارثی جولی کے کردار میں تھے اور وہ میرٹھ سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ دوسرے حصے میں اکشے کمار جولی کے کردار میں نظر آئے اور وہ کانپور سے تعلق رکھتے ہیں۔ اب تیسرے حصے میں دونوں جولی پہلی بار ایک ساتھ عدالت میں انصاف کی لڑائی میں نظر آئیں گے۔

فلم کے ڈائریکٹر سبھاش کپُور ہیں اور پروڈیوسرز میں الوک جین اور اجیت اندھیرے شامل ہیں۔ اس فلم میں اکشے کمار، ارشد وارثی، سوربھ شکلا، ہما قریشی، امرتا راؤ اور سنجے مشرا جیسے معروف اداکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

ٹریلر اور پہلے مناظر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ 'جولی ایل ایل بی 3' نہ صرف عدالت کے دلچسپ مناظر دکھاتی ہے بلکہ معاشرتی مسائل، انصاف کی جدوجہد اور انسانی جذبات کو بھی بخوبی اجاگر کرتی ہے۔ مداح توقع کر رہے ہیں کہ یہ تیسرا حصہ پچھلے دو حصوں کی طرح کامیابی حاصل کرے گا اور عدالت، وکیل اور جج کے کرداروں میں مزاح، جذبات اور سماجی پیغام یکجا کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔