ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ میں بھی ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کے خلاف عرضی مسترد

جسٹس اندرا بنرجی اور جسٹس جے کے مہیشوری کی بنچ نے بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف گنگو بائی کا گود لیا بیٹا ہونے کا دعویٰ کرنے والے بابوجی راؤجی شاہ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو فلم ’’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘‘ کی ریلیز پر روک لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عالیہ بھٹ کی اداکاری والی بھنسالی پروڈکشن کی فلم جمعہ کو ریلیز ہونے والی ہے۔ دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی یہ فلم ریڈ لائٹ ایریا میں ایک سیکس ورکر خاتون کی زندگی کی کہانی پر مبنی ہے۔

جسٹس اندرا بنرجی اور جسٹس جے کے مہیشوری کی بنچ نے بامبے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف گنگو بائی کا گود لیا بیٹا ہونے کا دعویٰ کرنے والے بابوجی راؤجی شاہ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ ہائی کورٹ نے ممبئی کی ایک عدالت کی جانب سے اداکارہ عالیہ بھٹ، گنگوبائی کاٹھیاواڑی کے پروڈیوسر اور ناول نگار ایس حسین زیدی اور جین بورجیس کے خلاف ایک مجرمانہ ہتک عزت شکایت کیس میں جاری سمن پر روک لگانے کا حکم دیا تھا۔


سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے بابوجی راؤجی شاہ کا الزام ہے کہ فلم میں مبینہ طور پر مرکزی کردار اور اس کے خاندان کی تذلیل کرنے والا مواد شامل ہے۔ ’گود لئے بیٹے‘ نے ایڈوکیٹ ارون کمار سنہا اور راکیش سنگھ کے توسط سے دائر اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ناول اور فلم نے ان کی آنجہانی ماں اور کنبے کے دیگر افراد کی شبیہ خراب کی ہے۔ ان حقائق پر غور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کو ناول ’دی مافیا کوئینز آف ممبئی‘ یا فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ کی پرنٹنگ، پروموشن، فروخت، اسائنمنٹ وغیرہ کے خلاف عارضی حکم امتناعی جاری کرنا چاہیے تھا۔

فلمساز کا موقف پیش کر رہے وکیل نے دعویٰ کیا کہ فلم میں کوئی ہتک آمیز مواد نہیں ہے۔ اس فلم میں گنگوبائی کی شان بیان کی گئی ہے۔ ان کا ایک مجسمہ بھی نصب ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم کی تشہیر سات ماہ سے زیادہ سے ہو رہی ہے اور یہ سبھی سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔ بدھ کی سماعت کے دوران بنچ نے فلم ساز سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا فلم کا ٹائٹل تبدیل کرنا ممکن ہے۔ اس سوال کے جواب میں فلمساز کے وکیل نے کہا تھا کہ ریلیز میں چند دن باقی ہیں۔ اس وقت ایسا کرنا ممکن نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔