کامیڈین بھارتی سنگھ کے بعد ان کے شوہر ہرش لمباچیا بھی گرفتار، 15 گھنٹے ہوئی پوچھ گچھ

این سی بی کی پوچھ گچھ میں بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر ہرش نے منشیات لینے کا اعتراف کیا تھا، این سی بی نے چھاپہ ماری کے دوران بھارتی سنگھ کے گھر سے منشیات برآمد کی ہے

بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا
بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچیا
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات کے معاملہ میں کامیڈین بھارتی سنگھ کے بعد ان کے شوہر ہرش لمباچیا کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ہرش لمباچیا کو این سی بی نے ڈرگس لینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ انسداد منشیات ایجنسی نے تقریباً 15 گھنٹوں کی پوچھ گچھ کے بعد ہرش لمباچیا کو گرفتار کر لیا۔

این سی بی کی پوچھ گچھ کے دوران ہفتہ کے روز بھارتی سنگھ اور ان کے شوہر نے منشیات لینے کا اعتراف کیا تھا۔ این سی بی نے بھارتی سنگھ کے گھر چھاپہ ماری کے دوران نشیلی اشیا بھی برآمد کی تھی۔

این سی بی ہفتہ کی صبح کامیڈین بھارتی سنگھ کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماری کے بعد انہیں اور ان کے شوہر کو پوچھ گچھ کے لئے این سی بی کے دفتر لے کر گئی تھی۔ ہفتہ کی دیر شام بھارتی سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ہرش سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری رہا۔ تقریباً 15 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد این سی بی نے ہرش لمباچیا کو بھی گرفتار کر لیا۔


واضح رہے کہ این سی بی نے ممبئی کے کھاردنگا علاقہ میں 21 نومبر کو چھاپہ ماری کی تھی اور 21 سال کے ایک منشیات اسمگلر کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے پاس سے 40 گرام گانجا، انشیلی دوائیں وغیرہ برآمد ہوئی تھیں۔ ملزم سے پوچھ گچھ کے بعد این سی بی نے بھارتی سنگھ کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماری کی۔ ان کے پاس سے 86.5 گرام گانجا برآمد ہوا ہے۔ جانچ ایجنسی کی پوچھ گچھ میں بھارتی اور ان کے شوہر نے یہ قبول کیا ہے کہ وہ گانجے کا استعمال کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جون میں خودکشی کے بعد اعلیٰ سطحی تحقیقات کے دوران بالی وڈ فلم انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر منشیات کے غیر قانونی استعمال کا راز فاش ہوا تھا، جس کی تحقیقات جاری ہیں اور اس ضمن میں ٹی وی اور فلمی دنیا سے جڑے معروف اداکاروں کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا اور ان کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔