’ارے جا رے ہٹ نٹ کھٹ‘ نغمہ سے شہرت پانے والی اداکارہ سندھیا کا 87 سال کے عمر میں انتقال
1959 میں آئی وی شانتا رام کی فلم ’نورنگ‘ سے ہندی فلم انڈسٹری میں سندھیا نے زبردست پہچان حاصل کی تھی۔ اس فلم کا نغمہ ’ارے جا رے ہٹ نٹ کھٹ‘ آج بھی پسند کیا جاتا ہے۔

مراٹھی فلم ’پنجرہ‘ میں اپنے رقص اور اداکاری سے ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والی معروف اداکارہ سندھیا شانتارام کا انتقال ہو گیا۔ انہوں نے 87 سال کی عمر میں دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کے انتقال کی خبر سے فلم انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر آشیش شیلار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اداکارہ کے انتقال کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین! پنجرہ فلم کی معروف اداکارہ سندھیا شانتارام جی کے انتقال کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔‘‘
آشیش شیلار نے سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’مراٹھی اور ہندی فلم انڈسٹری میں انہوں نے بہترین اداکاری اور رقص کی مہارت سے ناظرین کے دلوں پر ایک انمٹ نقوش چھوڑے۔ ’جھنک جھنک پائل باجے‘، ’دو آنکھیں بارہ ہاتھ‘ اور خاص کر ’پنجرہ‘ فلم میں ان کے یادگار کردار ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ خدا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ’ارے جا رے ہٹ نٹ کھٹ‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ سندھیا شانتارام کا اصلی نام وجیا دیشمکھ تھا۔ انہوں نے 1959 میں آئی وی شانتا رام کی فلم ’نورنگ‘ سے ہندی فلم انڈسٹری میں بھی زبردست پہچان حاصل کی تھی۔ اس فلم کا نغمہ ’ارے جا رے ہٹ نٹ کھٹ‘ آج بھی کافی پسند کیا جاتا ہے۔ اس نغمہ کے لیے انہوں نے خصوصی طور پر ’کلاسیکی رقص‘ سیکھا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت کوئی کوریوگرافر نہیں ہوتا تھا، نغمہ میں نظر آنے والے اسٹیپس خود سندھیا یا ڈائریکٹر وی شانتا رام نے تیار کیے تھے۔
وی شانتا رام اس نغمہ کو واقعی میں خاص بنانا چاہتے تھے، اس لیے انہوں نے سیٹ پر اصلی ہاتھی اور گھوڑوں کا انتظام کیا تھا۔ ان اصلی جانوروں کے درمیان سندھیا نے بغیر کسی ڈر و خوف کے رقص کیا تھا۔ سندھیا کو معلوم تھا کہ یہ آسان نہیں ہیں، کیونکہ شور اور انسانوں سے جانور پریشان ہو سکتے ہیں، انہوں نے کوئی باڈی ڈبل بھی استعمال نہیں کیا تھا۔ نغمہ کی شوٹنگ سے قبل انہوں نے ہاتھی اور گھوڑوں سے دوستی کی، انہیں اپنے ہاتھوں سے کیلے اور ناریل کھلائے اور پانی پلایا۔ سندھیا کی محنت اور ہمت سے ڈائریکٹر وی شانتا رام کافی متاثر ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت وی شانتا رام شادی شدہ تھے، لیکن انہیں سندھیا سے پیار ہو گیا، دونوں نے شادی کر لی۔ اداکارہ سندھیا نے زیادہ تر شانتا رام کی ہی فلموں میں کام کیا، جن میں ’جھنک جھنک پائل باجے‘، ’دو آنکھیں بارہ ہاتھ‘، ’نورنگ‘، ’پنجرہ‘ اور ’امر بھوپالی‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔