اداکار اور نقاد کمال راشد خان گرفتار، متنازعہ ٹوئٹ کے سلسلہ میں پولیس کی کارروائی

کمال خان پر الزام ہے کہ انہوں نے سال 2020 میں متنازعہ ٹوئٹ کر کے کچھ اہم ہستیوں کی توہین کی تھی اور لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی۔

اداکار کمال راشد خان / سوشل میڈیا
اداکار کمال راشد خان / سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: فلم اداکار اور نقاد کمال راشد خان (کے آر کے) ایک مرتبہ پھر سرخیوں میں ہیں، کیونکہ ملاڈ پولیس نے انہیں ایک پرانے ٹوئٹ کے سلسلہ میں گرفتار کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ اکثر تنازعات میں گھرے رہنے والے کے آر کے کے خلاف ملاڈ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی تھی، جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کمال خان جیسے ہی ممبئی ایئرپورٹ پر اترے انہیں ملاڈ پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس کے بعد ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور پھر حراست میں لے لیا گیا۔ کمال خان پر الزام ہے کہ انہوں نے سال 2020 میں متنازعہ ٹوئٹ کر کے کچھ اہم ہستیوں کی توہین کی تھی اور لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی تھی۔


خیال رہے کہ کمال راشد خان آئے دن اپنے متنازعہ بیانات کو لے کر سرخیوں میں رہتے ہیں اور اکثر کسی نہ کسی فلموں سے وابستہ کسی اہم ہستی پر قابل اعتراض تبصرہ کرتے ہیں۔ جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر ٹرول بھی کیا جاتا ہے لیکن وہ پھر کوئی نیا شگوفہ لے کر حاضر ہو جاتے ہیں۔

اگرچہ تاحال یہ معلوم نہیں ہے کہ کمال خان کو کس ٹوئٹ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے، تاہم انہوں نے سال 2020 میں رشی کپور اور عرفان خان کے حوالے سے قابل اعتراض ٹوئٹ کئے تھے۔ ان کو لے کر کمال کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی گئی تھی۔ کے آر کے کے خلاف شکایت یوا سینا کے رکن راہل کنال نے درج کرائی تھی۔ ممبئی پولیس نے بتایا کہ کمال کو آج بوریولی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


رشی کپور اور عرفان خان کے انتقال کے بعد کے آر کے نے 2020 میں ٹوئٹ کیا تھا ’’کورونا اس وقت تک نہیں جائے گا جب تک کچھ مشہور افراد کو اپنے ساتھ نہیں لے جاتا۔‘‘ اس کے علاوہ انہوں نے رشی کپور کے بیمار ہونے اور اسپتال میں داخل ہونے پر ٹوئٹ کیا تھا ’’سر ٹھیک ہو کر جلد واپس آنا۔ نکل مت لینا! کیونکہ دارو کی دکان بس دو تین دن کے بعد کھلنے ہی والی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔